رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ دفاع کا کوریا کی سرحد کا دورہ


ایش کارٹر جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے سرحدی علاقے پہنچے تھے جہاں انہوں نے جنوبی کوریا کی پہلی دفاعی لائن پر واقع چوکیوں کا دورہ کیا۔

امریکہ کے وزیرِ دفاع ایش کارٹر نے شمالی کوریا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا جوہری پروگرام ترک کرکے جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے۔

امریکی وزیرِ دفاع نے یہ بیان اتوار کو جنوبی اور شمالی کوریا کی سرحد پر واقع غیر فوجی علاقے کے دورے کے دوران دیا۔

ایش کارٹر جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے سرحدی علاقے پہنچے تھے جہاں انہوں نے جنوبی کوریا کی پہلی دفاعی لائن پر واقع چوکیوں کا دورہ کیا۔

شمالی کوریا کی حکومت نے 2009ء میں اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات معطل کردیے تھے جو پیانگ یانگ پانچ ملکی اتحاد – چین، جاپان، روس، جنوبی کوریا اور امریکہ – کے ساتھ کر رہا تھا۔

پانچ ملکی اتحاد کی حکومتیں خصوصاً جنوبی کوریا اور امریکہ بارہا مذاکرات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں لیکن شمالی کوریا اس پر آمادہ نہیں۔

اتوار کو اپنے دورے کے دوران امریکی وزیرِ دفاع نے اپنی حکومت کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے اور خواہش مند ہے کہ شمالی کوریا بھی مذاکرات پر آمادہ ہوجائے۔

ایش کارٹر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ خطے میں قیامِ امن کے لیے ضروری ہے کہ شمالی کوریا کی حکومت کو اپنی جوہری سرگرمیاں بتدریج کم کرتے کرتے ختم کردے۔

اپنے دورے کے دوران امریکی وزیرِ دفاع اتوار کی شام سیول میں ہونے والے امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان سلامتی کے موضوع پر ہونےو الے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG