رسائی کے لنکس

صومالیہ میں ڈرون کے استعمال کا اعتراف


صومالیہ میں ڈرون کے استعمال کا اعتراف
صومالیہ میں ڈرون کے استعمال کا اعتراف

امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ افریقی ملک ایتھوپیا میں تعینات امریکی ڈرون طیاروں کو پڑوسی ملک صومالیہ کی فضائی نگرانی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

امریکی دفاعی حکام کے بقول ایتھوپیا کے شہر اربا منچ کے ہوائی اڈے سے اڑنے والے بغیر پائلٹ کے امریکی ڈرون طیارے صومالیہ کی فضائی حدود میں پروازیں کرتے ہیں جہاں سرکاری افواج القاعدہ سے منسلک شدت پسند تنظیم 'الشباب' سے لڑائی میں مصروف ہیں۔

صومالیہ میں استعمال کیے جانے والے ڈرون 'ریپر' ساختہ ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر میزائلوں اور 'لیزر گائیڈڈ' بموں سے لیس کیا جاسکتا ہے۔ تاہم امریکی فوج کے ایک ترجمان نے واضح کیا ہے کہ صومالیہ میں جاری مشن صرف نگرانی کے لیے ہے۔

امریکی نیوی کے لیفٹننٹ کمانڈر جیمز اسٹاک مین نے جمعہ کو 'وائس آف امریکہ' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی ڈرونز کی پروازوں کا صومالیہ میں جاری کینیا کی فوجی کاروائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ جبوتی کے علاوہ امریکی فوج کا برِ اعظم افریقہ میں کوئی فوجی اڈہ موجود نہیں اور ایتھوپیا سے آپریٹ کیے جانے والے ڈرون مشن میں 'محدود تعداد میں عملہ" کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ کینیا کی افواج دو ہفتے قبل 'الشباب' کے اْن شدت پسندوں کے تعاقب میں صومالیہ میں داخل ہوگئی تھیں جن پر کینیا کی حدود میں کئی غیر ملکی باشندوں کے اغوا میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

'الشباب' کے خلاف جاری کاروائی میں جمعہ کو کینیا اور صومالیہ کی افواج نے 'زیریں جوبا' نامی علاقے کے قصبے 'برگابو' کا قبضہ شدت پسندوں سے چھڑا لیا۔

کینیا کی افواج اب صومالیہ کے تیسرے بڑے شہر اور ا'لشباب' کی معاشی سرگرمیوں کے اہم مرکز کسمایو سے 200 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG