رسائی کے لنکس

امریکہ: طوفان تھم گیا، برف ہٹانے کا کام شروع


مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24 بتائی گئی ہے جن میں کار حادثات کے علاوہ وہ لوگ بھی شامل ہیں جو برف ہٹاتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

امریکہ کے مشرقی علاقوں میں تاریخ کے بدترین سرد طوفانوں میں سے ایک کی زد میں آنے کے بعد، اب متاثرہ علاقوں میں برف ہٹانے اور صفائی کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جب کہ معمولات زندگی کے پوری طرح بحال ہونے میں مزید چند دن لگ سکتے ہیں۔

پیر کو امریکہ کے سرکاری امور بند رہیں گے لیکن انتہائی ضروری عملہ اپنے کام پر موجود ہو گا۔

واشنگٹن میں برف کی دبیز تہہ کو ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں زیر زمین ریلوے کے نظام کو محدود پیمانے پر بحال کر دیا گیا ہے جب کہ تینوں ہوائی اڈوں سے فضائی سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔

واشنگٹن اور اس کے گرد و نواح میں اسکول بند رہیں گے جب کہ کانگریس میں پیر کو متعدد مسودہ قانون پر ہونے والی رائے شماری ملتوی کر دی گئی ہے۔

نیویارک سے لے کر امریکہ کی دیگر خلیجی ریاستوں تک گورنروں اور میئروں اور نے اپنے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ فی الحال گاڑیاں چلانے سے گریز کریں تاکہ شاہراہوں اور گلیوں سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جا سکے اور دیگر ہنگامی امداد کے کارکنوں کو اپنے کام میں رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نیو جرسی میں برفانی طوفان سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی جہاں پانی رہائشی اور کاروباری عمارتوں میں داخل ہو گیا تھا۔

اس طوفان کے دوران مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24 بتائی گئی ہے جن میں کار حادثات کے علاوہ وہ لوگ بھی شامل ہیں جو برف ہٹاتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

پنسلوینیا میں ایک شخص اپنی کھڑی گاڑی میں دم گھٹنے سے ہلاک ہوا۔ اس کی گاڑی کا انجن اسٹارٹ تھا کہ برف ہٹانے والوں کی زد میں آکر گاڑی پوری طرح برف میں دب گئی اور گاڑی سے خارج ہونے والی کاربن مونوآکسائیڈ کے باعث یہ شخص دم توڑ گیا۔

اس شدید طوفان کے دوران تقریباً ڈھائی سے چار فٹ تک برفباری ہوئی۔

XS
SM
MD
LG