رسائی کے لنکس

امریکی معیشت کا منظر نامہ غیر معمولی حد تک غیر یقینی: برنانکی


امریکی مرکزی بینک کے سربراہ بن برنانکی
امریکی مرکزی بینک کے سربراہ بن برنانکی

مرکزی مالیاتی بینک کے سربراہ بن برنانکی نے کہا کہ روزگار کے مواقع کی کمی کے باعث ،معاشی بحالی کے کام کو نقصان ہو رہا ہے۔ اُنھوں نے خبردار کیا کہ کساد بازاری کے دوران 80لاکھ سے زائدختم ہوجانے والے روزگار کے مواقع کی بحالی میں خاصا وقت لگ جائے گا

امریکہ کے مرکزی بینک کے سربراہ بن برنانکی نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا مستقبل غیر معمولی طور پر غیر یقینی ہے۔

خزانے کے سربراہ نے یہ انتباہ بدھ کے روز امریکی سینیٹ کی بینکنگ کمیٹی کی سماعت کے دوران جاری کیا۔ یہ بیان اُس رپورٹ کا حصہ ہے جو امریکی قانون سازوں کو ششماہی بنیادوں پرپیش کی جاتی ہے۔

برنانکی نے کہا کہ روزگار کے مواقع کی کمی کے باعث ،معاشی بحالی کے کام کو نقصان ہو رہا ہے۔ اُنھوں نے خبردار کیا کہ کساد بازاری کے دوران 80لاکھ سے زائدختم ہوجانے والے روزگار کے مواقع کی بحالی میں خاصا وقت لگ جائے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ معاشی بہتری کے فروغ کی غرض سے مرکزی بینک ملک کی سود کی شرح کو صفر فی صدکی سطح پر قائم رکھے گی، اور یہ کہ اگر ضروری ہوا تو محکمہ مالیات اضافی اقدامات کرنے میں نہیں ہچکچائے گی۔ اُنھوں نے اِس بات کی تفصیل نہیں بتائی۔

اِس سے قبل اِسی ماہ امریکی محکمہ محنت نے بتایا کہ دو ماہ میں اچھی پیش رفت کے باوجود گذشتہ جون کے دوران ملکی معیشت میں ایک لاکھ 25ہزار ملازمتیں کم ہوئیں۔

ملک کی بے روزگاری کی شرح 9.5فی صد ہے، لیکن ماہرین بتاتے ہیں کہ اِن اعداد و شمار میں اُن سینکڑوں لوگوں کا کوئی ذکر شامل نہیں ہے جنِھوں نے تنگ آکر روزگار کی تلاش ترک کردی ہے۔ عہدے دار صرف ایسے اشخاص کو شمار کرتے ہیں جو کام کے لیے دستیاب ہوں اور سرگرمی کے ساتھ روزگار تلاش کر رہے ہوں۔

برنانکی نے کہا کہ وزارتِ خزانہ کے اندازوں کے مطابق 2012ء کے اواخر تک بے روزگاری کی شرح میں سات سے ساڑھے سات فی صد تک کمی آنے کی توقع ہے۔

XS
SM
MD
LG