رسائی کے لنکس

اسلام آباد: ’امریکی سفارت خانہ معمول کے مطابق کھلا ہے‘


بیان کے مطابق امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں مظاہروں کا بغور جائزہ لے رہا ہے ’’تاہم سفارتخانہ مقرر کردہ اوقات کار کے مطابق اپنے معمول کے کام جاری رکھنے کے لیے کھلا تھا اور کھلا ہے۔‘‘

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے جمعرات کو ایک بیان میں ذرائع ابلاغ میں چھپنے والی اُن خبروں کی وضاحت کی جن میں کہا گیا تھا کہ سفارت خانے نے اپنے کام کے معمول میں تبدیلی کی ہے۔

بیان کے مطابق امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں مظاہروں کا بغور جائزہ لے رہا ہے ’’تاہم سفارتخانہ مقرر کردہ اوقات کار کے مطابق اپنے معمول کے کام جاری رکھنے کے لیے کھلا تھا اور کھلا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ہفتے پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں وضاحت کی تھی کہ غیر ملکی سفارت خانوں کی بندش کے حوالے سے کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔

تاہم موجودہ سیاسی کشیدگی کی صورت حال میں حکومت نے اسلام آباد میں غیر ملکی سفارت خانوں اور اُن کے عملے کی حفاظت کی ذمہ داری کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے اسلام آباد میں سفارت خانوں کے عملے کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ شہر میں سفر کے دوران احتیاط برتیں۔

عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے ہزاروں حامیوں نے 15 اگست کو اسلام آباد پہنچنے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے حساس علاقے ’ریڈ زون‘ کے قریب دو مختلف مقامات پر دھرنے دیئے۔

لیکن اس کے بعد 19 اگست کو عمران خان اور طاہر القادری اپنے حامیوں کے ہمراہ’ریڈ زون‘ میں واقع پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچ گئے اور اب تک وہیں موجود ہیں۔

غیر ملکی سفارت خانے بھی ’ریڈ زون‘ کے ڈپلومیٹک انکلیو نامی علاقے میں واقع ہیں۔

اگرچہ اس پورے علاقے میں سکیورٹی کے لیے فوج بھی تعینات ہے لیکن احتجاجی دھرنوں کے باعث یہاں کی ایک مرکزی سڑک ’شاہراہ دستور‘ عام آمد و رفت کے لیے بند ہے۔

XS
SM
MD
LG