رسائی کے لنکس

امریکی ایلچی کےپاس مشرقِ وسطیٰ کےسفر کاکوئى منصوبہ نہیں: امریکہ


جارج مچل
جارج مچل

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکہ کے ایلچی کے پاس ابھی تک علاقے کا دورہ کرنے کا کوئى حتمی منصوبہ نہیں ہے۔

گورڈن ڈُوگِڈ نے واشنگٹن میں نامہ نگاروں سے کہا ہےکہ جارج مِچل کے لیے جمعے کے روز ماسکو میں مشرقِ وسطی میں امن کی کوششوں کے لیے چار رکنی گروپ کی ایک میٹنگ میں شرکت کے سوا سفر کا اور کوئى منصوبہ نہیں ہے۔

جمعرات کو اس سے پہلے ایک سینئر فلسطینی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ مِچل اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان بالواسطہ امن مذاکرات شروع کرنے کے مقصد سے اپنی کوششیں دوبارہ جاری کرنے کے لیے اتوار کو مشرقِ وسطیٰ پہنچیں گے۔

مِچل کے دورے کو اسرائیل کی اس اعلان کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا کہ وہ مقبوضہ مشرقی یروشلم میں یہودی آباد کاروں کے لیے ایک ہزار 600 نئے گھر تعمیر کرے گا۔

اسرائیل نے یہ اعلان امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن کے ایک دورے کے موقعےپر عین اُس وقت کیا تھا جب امریکہ بالواسطہ امن مذاکرات شروع کرانے کی تیاریاں کررہا تھا۔امریکہ نے فوری طور پر اسرائیلی اقدام کی مذمّت کی تھی اور مچل کے خطّے کے دورے کو ملتوی کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG