امریکہ نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے تقریباً17کروڑ روپے مالیت کا سازوسامان منگل کے روز فاٹا سیکریٹریٹک کو عطیہ میں دیا۔
امریکی قونصل جنرل کینڈیس پٹنم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سڑکیں تعمیر کرنے کا جو سامان امریکہ نے دیا ہے اس سے قبائلی علاقوں میں سڑکوں کی اچھی حالت برقرار رکھنے اور نئی سڑکیں تعمیر کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ان علاقوں کے لوگوں کو ایک دوسرے سے اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے ملانے اور اس خطے میں تجارتی مواقع بڑھانے کے سلسلے میں فاٹا سیکریٹریٹ سے اشتراک پر وہ خوش ہیں۔
امریکہ کی طرف سے 25روڈ رولر، 15سٹون کرشرز، 15سفالٹ مکسرز، 16ایئر کمپریسرزاور 16جیک ہیمرز چیف سیکرٹری فاٹا حبیب اللہ خان کے حوالے کیے گئے۔
یہ سازوسامان 1.7ارب روپے کا حصہ ہے جو امریکہ اس وقت صوبہ سرحد اور فاٹا میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی پر خرچ کررہا ہے۔ گذشتہ 20 برسوں میں امریکہ 900کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر پر چارارب روپے خرچ کر چکا ہے جو بنیادی طور پر فاٹا کے علاقے میں ہیں۔
امریکہ اگلے دو سالوں میں صوبہ سرحد میں 3.2ارب روپے کی لاگت سے دو نئی شاہراہیں تعمیر کرنے کے سلسلے میں منصوبہ بندی کررہا ہے۔