رسائی کے لنکس

امریکہ: جنگی طیارہ رہائشی عمارات پہ گرکر تباہ


حکام کے مطابق طیارے کے گرنے سے قبل اس کے دونوں پائلٹ جہاز سے نکلنے اور بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب ہوگئے تھے

امریکی بحریہ کا ایک لڑاکا طیارہ جنوبی ریاست ورجینیا کےایک رہائشی کمپلیکس پہ گر کرتباہ ہوگیا ہے، تاہم مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کےنتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

حکام کے مطابق طیارے کے گرنے سے قبل اس کے دونوں پائلٹ جہاز سے نکلنے اور بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

طیارہ گرنے کے نتیجے میں چھوٹے چھوٹے گھروں پر مشتمل رہائشی کمپلیکس کی کئی عمارات بری طرح تباہ ہوگئیں اور ان میں آگ بھڑک اٹھی جس کے شعلے آسمان سے باتیں کر رہے تھے۔

آگ بجھانے والے عملہ اور دیگر امدادی اہلکار متاثرہ عمارات میں ممکنہ زخمیوں کو تلاش کر رہے ہیں۔ متاثرہ عمارات میں عمررسیدہ افراد قیام پذیر تھے۔

امریکی محکمہ دفاع 'پینٹاگون' کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ وزیرِ دفاع لیون پنیٹا "طیارے کے حادثے پرنگاہ رکھے ہوئے ہیں اورانہیں واقعے میں انسانی جانوں کے ممکنہ زیاں کی تشویش لاحق ہے"۔

تباہ ہونے والا طیارہ 'ایف/اے-18 ہارنیٹ' ساخت کا تھا جو جائے حادثہ کے نزدیک ہی 'ورجینیا بیچ' پہ واقع امریکی بحریہ کے اڈے پر تعینات تھا۔ واضح رہے کہ اس علاقے میں امریکی افواج کے کئی اڈے اور تنصیبات موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG