رسائی کے لنکس

سابق امریکی وزرائےخارجہ کی کانگریس سےاپیل


آٹھ سابق امریکی وزرائے خارجہ نے ارکانِ کانگریس پر زور دیا ہے کہ دنیا بھر میں سفارتی اقدامات کے لیے مخصوص رقوم میں کٹوتی نہ کریں۔

آٹھوں سابق وزرا نے منگل کو سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے نام ایک مراسلے میں کہا ہے کہ امریکی شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے اصل اسباب کو ختم کرنے کے لیے اِن رقوم کی فراہمی ضروری ہے۔

سابق اعلیٰ سفارت کاروں نے یہ بھی کہا کہ مختلف پروگرام کلیدی اتحادیوں کی مدد کے لیے ہیں جو، اُن کے الفاظ میں، رقوم کی یہ فراہمی دنیا کی قیادت کی باعثِ فخر روایت کی مظہر ہے۔

خط پر دستخط کرنے والوں کا تعلق ڈیمو کریٹک اور ری پبلیکن دونوں پارٹی سے ہے، جِن میں سابق وزرائے خارجہ میڈلین آلبرائیٹ، وارن کرسٹوفر، کولن پاوٴل، کونڈولیزا رائس اور ہنری کسنجر شامل ہیں۔

گذشتہ ہفتے، کچھ ارکانِ کانگریس نے صدر اوباما کے تجویز کردہ بین الاقوامی امور کے بجٹ میں سے تقریباً چار ارب ڈالر کی کٹوتی کی تجویز پیش کی تھی۔

موجودہ امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن اور وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے بھی قانون سازوں سے کہا ہے کہ وہ رقوم میں کمی کی بات نہ کریں۔

XS
SM
MD
LG