رسائی کے لنکس

امریکہ میں سردیاں مزید چھ ہفتے چلیں گی: گراؤنڈ ہاگ کی پیش گوئی


امریکہ میں سردیاں مزید چھ ہفتے چلیں گی: گراؤنڈ ہاگ کی پیش گوئی
امریکہ میں سردیاں مزید چھ ہفتے چلیں گی: گراؤنڈ ہاگ کی پیش گوئی

امریکہ میں سردیوں کا موسم کم ازکم مزید چھ ہفتوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ یہ پیش گوئی ہے مشرقی ریاست پینسلوانیا کے ایک چھوٹے قصبے پوہنگ سونی کے نیولے اور چوہے سے ملتی جلتی شکل کے ایک جانور کی، جسے یہاں گراؤنڈ ہاک کہا جاتا ہے۔

اس قصبے میں طویل عرصے سے یہ پتا چلانے کے لیے کہ سردیاں اور کتنے عرصے تک چلیں گی، گراؤنڈ ہاک سے مدد لی جاتی ہے۔

جمعرات کی صبح ، گراؤنڈ ہاک کو ، درخت کی کھوہ میں بنے اس کے آرام دہ گھر سے باہر آنے کی دعوت دی گئی۔ اس نے باہر نکل کر اپنے سائے پر نظر ڈالی اور واپس اپنی کھوہ میں چلا گیا۔ جو اس جانب اشارہ تھا کہ سردیاں مزید چھ ہفتے تک جاری رہیں گی۔

ہر سال فروری کے شروع میں گراؤنڈ ہاک سے سردیوں کی رخصتی کی پیش گوئی حاصل کی جاتی ہے۔ اس موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد گراؤنڈ ہاک کے کھوہ کے سامنے اکٹھی ہوجاتی ہے۔ اور اس منظر کی براست کوریج کے لیے میڈیا کی کیمرہ ٹیمیں بھی وہاں موجود ہوتی ہیں۔ اور یہ دن ’گراؤنڈ ہاک ڈے ابزرونس ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

روایت یہ ہے کہ فل نامی گراؤنڈ ہاک اپنی آرام دہ کھوہ سے باہر نکل کر اردگرد دیکھتا ہے۔ اگر سورج نکلا ہوا ہو اوراسے اپناسایہ نظر آجائے تو وہ اس سے ڈر کر دوبارہ اپنی کھوہ میں چلا جاتا ہے۔ جس سے یہ مراد لی جاتی ہے کہ سردیاں مزید چھ ہفتے چلیں گی۔ لیکن اگر ’فل‘ واپس نہ جائے تو اسے موسم بہار کی آمد کا نقارہ سمجھا جاتا ہے۔

اگر موجودہ سال کے لیے گراؤنڈ ہاک ’فل‘ کی پیش گوئی درست ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکہ میں ابھی سردیوں کا تقریباً ڈیڑھ مہینہ باقی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال دارالحکومت واشنگٹن سمیت اکثر علاقوں میں ابھی تک سردی پڑی نہیں ہی۔ اور واشنگٹن کے مضافات میں ان دنوں کا درجہ حرارت تقریباً وہی ہے جو موسم بہار میں ہوتا ہے۔

گذشتہ سال جب گراؤنڈ ہاک نے سردیوں کی پیش گوئی کی تھی تو اس روز نصف سے زیادہ امریکہ برف سے ڈھکا ہواتھا۔ لیکن اس بار ملک کے صرف پانچویں حصے میں برف تھی۔

امریکہ اور کینیڈا کے کئی شہروں اور قصبوں میں ہر سال دو فروری کو گراؤنڈ ہاک ڈے منایا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG