رسائی کے لنکس

سو ڈالر کے نئے امریکی نوٹ کا اجراء ملتوی


سو ڈالر کے نئے امریکی نوٹ کا اجراء ملتوی
سو ڈالر کے نئے امریکی نوٹ کا اجراء ملتوی

امریکی حکومت کی جانب سے نئے ڈیزائن کردہ سوڈالرمالیت کے ایک ارب سے زائد نوٹوں کی چھپائی تیکنیکی وجوہات کی بنا ء پر ر وک دی گئی ہے۔

امریکی کرنسی جاری کرنے کے مجاز ادارے "فیڈرل ریزروز" کا کہنا ہے کہ نئی ڈیزائن کردہ کرنسی کی چھپائی امریکی حکومت کی اختیار کردہ اس پالیسی کے تحت کی جارہی تھی جس کا مقصد کرنسی نوٹوں میں نئے سیکیورٹی فیچر متعارف کرا کے جعلی نوٹوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

سو ڈالر مالیت کے ان ایک ارب دس کروڑ نئے نوٹوں کے اجراء کا عمل آئندہ سال کے آغاز سے ہونا تھا تاہم منگل کے روز حکام نے بتایا کہ پرنٹنگ کے عمل کے دوران پیش آنے والے ایک تیکنیکی مسئلہ کے باعث نئے نوٹوں کا اجراء ملتوی کردیا گیا ہے۔ نئے ڈیزائن کردہ نوٹوں کے اجراء کی آئندہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ 100 ڈالر کا نیا ڈیزائن کردہ کرنسی نوٹ اب تک کا سب سے مہنگا امریکی نوٹ ہے جس کی تیاری پر 12 سینٹ فی نوٹ لاگت آرہی ہے۔نوٹ کے نئے ڈیزائن میں 100 ڈالر کے پرانے بل پہ موجود بنجمن فرینکلن کی تصویر کو مزید نمایاں کرنے کے علاوہ ایک سہ جہتی سیکیورٹی ربن اور ایک رنگ بدلتی گھنٹی کی تصویر بھی شامل کی گئی ہے جس کے باعث اس کی نقل کی تیاری مزید مشکل ہوجائے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سو ڈالر کا نوٹ امریکہ سے باہر سب سے زیادہ چلنے والا کرنسی نوٹ ہے جس کے باعث اس کی نقل بھی سب سے زیادہ تیار کی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG