رسائی کے لنکس

پاکستان میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوا ہے، امریکی کمپنیاں


فائل
فائل

رپورٹ کے مطابق 2016ء اور2017ء سے متعلق کیے گئے سروے میں حصہ لینے والی 40 فیصد کمپنیوں نے  سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی صورت حال کو بہتر قرار دیا ہے جب کہ اس سے قبل کیے جانے والے سروے میں یہ شرح صرف 6 فیصد تھی۔

پاکستان میں جاری ہونے والی ایک تازہ جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ رپورٹ پاکستان امریکن بزنس کونسل کی طرف سے کیے گئے ایک سروے کے بعد جاری گی ہے جس میں پاکستان کی سیاسی و اقتصادی صورت حال اور بنیادی ڈھانچے جیسے معاملات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2016ء اور2017ء سے متعلق کیے گئے سروے میں حصہ لینے والی 40 فیصد کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی صورت حال کو بہتر قرار دیا ہے جب کہ اس سے قبل کیے جانے والے سروے میں یہ شرح صرف 6 فیصد تھی۔

اگرچہ رپورٹ میں ملک کی سیاسی صورت حال، بنیادی ڈھانچے اور غیر روایتی معیشت سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا گیا تاہم سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں اب 45 فیصد امریکی کمپنیوں نے پاکستان کو کاروبار کے حوالے سے بہتر ملک قرار دیا جب کہ قبل ازیں یہ شرح 17 فیصد تھی۔

پاکستان امریکن بزنس کونسل کی سیکرٹری جنرل آمنہ داؤدی نے جمعے کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ اگرچہ ملک میں امن و امان کی مجموعی صورت حال میں بہتری آئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ملک کی اقتصادی پالیسیو ں کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم رکھنا ضروری ہے۔

اقتصادی امور کے تجزیہ کار قیصر بنگالی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کی مستحکم اقتصادی پالیسی بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

قیصر بنگالی نے مزید کہا کہ سرمایہ کار توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں ان کی سرمایہ کاری منافع بخش ہو اور ان کے بقول اگر پالیسوں میں استحکام نہیں ہے تو یہ امر سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے کسی طور مناسب نہیں ہے۔

تاہم قومی اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل کا کہنا ہے حکومت ملک میں پائیدار سازگار اقتصادی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے اور حالیہ سالوں میں اس حوالے سےنمایاں بہتری آئی ہے۔

یہ رپورٹ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ملک میں بعض حلقے پاکستان کے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ملک کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار رکھنے کے لیے فوری اقدمات کرنے کی ضرورت ہے۔

تاہم پاکستان کی حکومت میں شامل عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔

XS
SM
MD
LG