رسائی کے لنکس

امریکی کمپنیوں کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تاہم ارکان نے حکومت کی طرف سے پالیسیوں میں اچانک تبدیلیوں سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

ایک تازہ جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 78 فیصد سے زائد امریکی کمپنیاں رواں سال پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں، یہ شرح گزشتہ سال کی نسبت 13 فیصد زیادہ ہے۔

امریکن بزنس کونسل آف پاکستان (اے بی سی) کی طرف سے کیے گئے جائزے میں اس اضافے کی وجہ پاکستان میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کو قرار دیا گیا ہے۔

مزید برآں کونسل کے سرمایہ کاروں میں سے 83 فیصد پاکستان میں دیرپا سازگار اقتصادی ماحول کے لیے پرامید ہیں۔

تاہم ارکان نے حکومت کی طرف سے پالیسیوں میں اچانک تبدیلیوں سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

اس جائزے سے "اے بی سی" کے ارکان کو مختلف اقتصادی، انتظامی اور سیاسی معاملات سے متعلق اطمینان کی شرح متعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔

امریکی سرمایہ کاروں کی اعتماد کی یہ بڑھتی ہوئی شرح پاکستان کی معیشت میں قدرے بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔

ایک بیان میں اے بی سی کے صدر سمیع احمد کا کہنا تھا کہ "ہمارے ارکان پرامید اور پاکستان کے لیے پرعزم ہیں۔"

یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ جائزہ رپورٹ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کہ سوئٹزرلینڈ میں شروع ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے قبل فورم کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں بھی پاکستان میں معاشی ترقی کو ماضی کی نسبت بہتر ظاہر کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق درجہ بندی میں شامل کیے گئے 79 ممالک میں پاکستان باونویں (52) نمبر پر ہے جب کہ بھارت کا نمبر 60 ہے۔

XS
SM
MD
LG