رسائی کے لنکس

ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کے لیے کم از کم ایک برس درکار ہو گا: رپورٹ


ایک امریکی اخبار نے کہا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ نے اسرائیل کواس بات پر قائل کر لیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کے لیے کم از کم ایک برس کا عرصہ درکار ہو گا۔

نیو یارک ٹائمز نے صدر اوباما کے مشیر برائے جوہری امور گیری سئمور کے حوالے سے لکھا ہے کہ تہران کو جوہری مادے کو ہتھیاروں میں استعمال کے لائق بنانے میں کم از کم ایک سال لگے گا اور ”ایک سال بہت لمبا عرصہ ہے“۔

اخبار کا کہنا ہے کہ اوباما انتظامیہ کا اندازہ ہے کہ اس تجزیے سے اسرائیل کے اگلے ایک سال میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کرنے کے امکانات کم ہو گئے ہیں ۔ اسرائیل نے ماضی میں ایسے اشارے دیے تھے کہ وہ ایران پر حملے کے بارے میں سوچ سکتا ہے۔

اسرائیل کا موقف ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران اس کی سلامتی کے لیے خطرہ ہو گا کیوں کہ ایرانی رہنما متعدد بار اسرائیلی ر یاست کے خاتمے کا اظہار کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں جوہری توانائی کے سربراہ علی اکبر صالحی نے بدھ کے روز کہا تھا کہ تہران یورینیم افزودہ کرنے والی دس نئی تنصیبات کے لیے زمین کا انتخاب کرنے کے آخری مراحل میں ہے۔

XS
SM
MD
LG