رسائی کے لنکس

غزہ امدادی بیڑے پر حملہ اور صدر اوباما کے قاہرہ خطاب کے مقاصد پر عمل درآمد کی اہمیت


غزہ امدادی بیڑے پر حملے کے بعدصدر اوباما کےقاہرہ خطاب کے مقاصدپر عمل درآمد کی اہمیت بڑھ گئی ہے

اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ(آئی ایس این اے) اور عرب امریکن انسٹی ٹیوٹ نے وائٹ ہاؤس کو بھیجے جانے والے اپنے ایک خط میں صدر اوباما سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی امداد غزہ لے جانے والے بحری قافلے پر مہلک تشدد کے حالیہ واقعہ پربات چیت کے لیے مسلمان اور عرب نژاد امریکی راہنماؤں سے ملاقات کریں۔

ریاست انڈیانا کے شہر پلین فیلڈ سے تین جون کو جاری کیے جانے والے اس خط میں کہا گیا ہے کہ قاہرہ میں مسلم اور عرب دنیا سے صدر اوبا کے تاریخی خطاب کی پہلی سالگرہ سے صرف چندروز قبل ہونے والے اس واقعہ سےتقریر میں متعین کیے جانے والے راہنما مقاصدپر پیش رفت متاثر ہوسکتی ہے۔

اسلامک سوسائٹی آف شمالی امریکہ کے صدر ڈاکٹر اینگریڈ میٹ سن کا کہنا ہے کہ اس افسوس ناک واقعہ سے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن کی بحالی اور مسلم دنیا کو متحرک کرنے کی صدر اوباما کی کوششوں کونقصان پہنچ سکتا ہے۔

خط میں صدر اوباما سے اس پرتشدد حملے کی آزادانہ تحقیقات کرانے اور انسانی ہمدردی کی اس کوشش میں شریک امریکی شہریوں کے تحفظ اور حقوق کو یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔

اسلامک سوسائٹی آف شمالی امریکہ 1981ء میں قائم ہوئی تھی۔ یہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو اسلام کی ترویج، مسلم کمیونٹیز کی مدد ، تعلیمی ترقی ، سماجی پروگراموں اور دوسرے عقائدکےساتھ اچھے تعلقات کے فروغ کے لیے کام کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG