رسائی کے لنکس

گھوسٹ شپ خلیج الاسکا میں ڈبو دیا گیا


امریکی ساحلی محافظوں نے الاسکا کے ساحل کے قریب بحرالکاہل میں مچھلیاں پکڑنے والا ایک لاوارث جاپانی جہاز ڈبو دیا ہے۔

یہ جہاز ایک سال قبل سونامی میں بہہ کر امریکی ساحل کے قریب پانیوں میں بھٹک رہاتھا۔

ریئوان مارا نامی بحری جہازکو ، جس کی لمبائی تقربیاً 50 میٹر تھی، جمعرات کے روز خلیج میں ڈبویا گیا۔ جہاز ڈبونے کے لیے ساحلی محافظوں نے کئی گھنٹے تک اس پر گولے پھینکے ، جس سے اس میں آگ لگ گئی اور آخرکار وہ جلنے کے بعد ڈوب کر نظروں سے اوجھل ہوگیا۔

خلیج الاسکا میں تیرتا ہوا یہ لاوارث جہاز، جس پر کوئی روشنی تھی ، نہ عملے کا کوئی فرد اور نہ ہی اس کا مواصلاتی نظام کام کررہاتھا، علاقے میں گھوسٹ شپ یعنی بھوت جہاز کے نام سے مشہور تھا۔

ساحلی محافظوں نے ریئو ان مارا کو ڈبونے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ علاقے میں تیرنے والے بحری جہازوں کے لیے ایک نمایاں خطرہ تھا۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ جہاز ڈبونے سے ماحول کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور یہ کہ اگر جہاز میں کچھ ایندھن موجود بھی تھا تو اس طویل عرصے میں وہ بخارات بن کر اڑ چکاہوگا۔

جہاز ڈبونے کا منصوبے کافی پہلے بنا لیا گیا تھا لیکن اس کام میں تاخیر کی وجہ تھی کہ کینیڈا کی ایک کمپنی نے لاوراث جہاز کو بچانے اور دوبارہ قابل استعمال بنانے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی تھی۔

لیکن کینیڈا کی کمپنی کو بعد ازاں یہ پتا چلا کہ اس ٹوٹے پھوٹے جہاز کو مرمت کے لیے ساحل تک دھکیل کر لے جانا ممکن نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG