رسائی کے لنکس

شمالی کوریا مذاکرات کی شرائط کے ’قریب بھی نہیں پہنچا‘: جان کیری


جان کیری نے کہا کہ شمالی کوریا کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ اگر جاری رہا تو یہ بھی ممکن ہے کہ اس معاملے کو جرائم کی عالمی عدالت میں بھیجا جائے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہائی اور وزیر خارجہ یون بنگ سی سے سیئول میں ملاقات میں جزیرہ نما کوریا میں سلامتی کے امور پر بات کی۔

پیر کو ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں جان کیری نے کہا کہ شمالی کوریا نے ابھی تک ایسے اقدامات نہیں کیے جن کی بنیاد پر اُس کے جوہری پروگرام سے متعلق شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ہو سکتے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس ضمن میں پنانگ یانگ پر دباؤ بڑھانا ضروری ہے۔

میزائل اور جوہری تجربات کرنے پر شمالی کوریا پر اقوام متحدہ کی طرف سے پہلے سے پابندیاں عائد ہیں۔

جان کیری نے کہا کہ شمالی کوریا کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ اگر جاری رہا تو یہ بھی ممکن ہے کہ اس معاملے کو جرائم کی عالمی عدالت میں بھیجا جائے۔

امریکہ وزیر خارجہ نے اتوار کو بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ انہوں نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مشترکہ عزم کے بارے میں بات کی اور شمالی کوریا پر دباؤ کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

عہدیدار نے کہا کہ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں، ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری مذاکرات اور افغانستان میں ترقیاتی امداد کی فراہمی پر بھی بات کی۔

کیر ی نے چین کی طرف بحیرہ جنوبی چین میں پر قبضہ بڑھانے کے جاری عمل پر تشویش کا اظہار کیا اور (یہاں) کشیدگی کو کم کرنے،تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنے، بین الااقومی قانون کا احترام اور تحمل سے کام لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ہفتے کو بیجنگ میں جان کیر ی کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں چین وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ بیجنگ اپنی خود مختاری اور علاقائی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے "غیر متزلزل" عزم پر قائم ہے۔

قدرتی وسائل سے مالا مال بحیرہ جنوبی چین کے متازع علاقے پر چین کی طرف سے ملکیت کے دعوؤں کی وجہ سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چین اس خطے خاص طور پر سپارٹلی کے جزیروں کے قریب ایک وسیع علاقے پر ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے، جب کہ کے فلپائن، ویتنام، ملایشیا، برونائی اور تائیوان کا بھی بحیرہ جنوبی چین میں واقع جزیروں پر ملکیت کا دعویٰ ہے۔

XS
SM
MD
LG