رسائی کے لنکس

امریکہ کو شام کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے: امریکی قانون ساز


امریکی کانگریس میں خارجہ امور کی کمیٹی سے منسلک ڈیموکریٹک کانگریس مین ایلیوٹ اینگل کا کہنا ہے کہ امریکہ ان سینکڑوں بے گناہ شامی شہریوں کی ہلاکت کو نظر انداز نہیں کر سکتا جن پر مبینہ طور پر کیمیاوی ہتھیار استعمال کیے گئے۔

امریکہ کی دو بڑی سیاسی جماعتوں سے منسلک قانون سازوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ شام میں مبینہ طور پر کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال پر امریکہ کو فوری کارروائی کرنی چاہیئے۔

امریکی کانگریس میں خارجہ امور کی کمیٹی سے منسلک ڈیموکریٹک کانگریس مین ایلیوٹ اینگل کا کہنا ہے کہ امریکہ ان سینکڑوں بے گناہ شامی شہریوں کی ہلاکت کو نظر انداز نہیں کر سکتا جن پر مبینہ طور پر کیمیاوی ہتھیار استعمال کیے گئے۔

کانگریس مین ایلیوٹ اینگل کے مطابق، ’ہمیں حرکت میں آنا ہوگا اور ایسا جلد ہی کرنا ہوگا۔‘

کانگریس مین اینگل امریکی ٹیلی ویژن پروگرام ’فوکس نیوز سنڈے‘ میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس پروگرام میں ان کے ساتھ سینیٹر باب کروکر بھی شامل تھے جو سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے رکن ہیں۔ سینیٹر باب کروکر کا تعلق ریپبلکن جماعت سے ہے۔

کانگریس مین اینگل کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس میں موجود کوئی بھی رکن شام میں امریکی فوج کی موجودگی کی بات نہیں کر رہا۔

کانگریس مین اینگل کا کہنا تھا کہ، ’میں یقیناً کروز میزائیل کے استعمال کی بات کروں گا۔ شام میں امریکی فوج کی موجودگی کے بغیر بھی بہت کچھ کیا جا سکتا ہے۔ کروز میزائیل کے استعمال سے صدر بشارالاسد کے انتظامی ڈھانچے کو تباہ کیا جا سکتا ہے۔‘

دوسری طرف امریکہ کے بحری بیٹرے شام کے قریب پہنچ گئے ہیں اور امریکہ کے وزیر ِ دفاع چک ہیگل کا کہنا ہے کہ امریکی فوج صدر اوباما کی جانب سے کسی حکم کی صورت میں مستعد اور تیار کھڑی ہے۔
XS
SM
MD
LG