رسائی کے لنکس

لوریتا لِنچ نے اٹارنی جنرل کا عہدہ سنبھال لیا


امریکی محکمہٴانصاف میں منعقد ہونے والی تقریب میں لِنچ سے نائب صدر جو بائیڈن نے بطور ملک کے قانون کے نفاذ کی اعلیٰ ترین اہل کار حلف لیا

لوریتا لِنچ نے امریکہ کے نئے اٹارنی جنرل کی حیثیت سےعہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

محکمہٴانصاف میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں لِنچ سے نائب صدر جو بائیڈن نے بطور ملک کے قانون کے نفاذ کی اعلیٰ ترین اہل کار حلف لیا۔

بائیڈن نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ’یہ خاتون اپنا حلف اٹھائیں‘۔

اُن کی مراد توثیق کے عمل میں ہونے والی چھ ماہ کی تاخیر سے تھا، جس میں اِمگریشن کے معاملے پر صدر براک اوباما کے انتظامی اقدام کی حمایت میں نااتفاقی اور دیگر متنازع قانونی تنازعات کے باعث ہونے والی تاخیر شامل ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ لِنچ اِس عہدے کے لیے ’انتہائی لائق فائق‘ ہیں۔

لِنچ پہلی افریقی امریکن خاتون ہیں جو اٹارنی جنرل کے عہدے پر فرائض انجام دیں گی۔ اُنھوں نے ایرک ہولڈر کی جگہ لی، جو پہلے سیاہ فام مرد تھے، جو چھ برس تک اس عہدے پر خدمات بجا لاتے رہے۔

سینیٹ نے جمعرات کو اٹارنی جنرل کے عہدے کے لیے لِنچ کی نامزدگی کی توثیق کی تھی۔

وہ ایک ایسے وقت امریکہ کے محکمہٴانصاف کی سربراہ بنی ہیں جب صدر اوباما کی صدارت کی مدت ختم ہونے میں دو سال سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے اور جب پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد شہری حقوق اور پولیس کے طرزِ عمل پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ان ہلاکتوں کے بعد، امریکہ میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوئے۔

XS
SM
MD
LG