رسائی کے لنکس

اسرائیل: دہشت گردی کے الزام میں امریکی شہری گرفتار


فائل
فائل

پولیس کے مطابق ملزم یروشلم میں واقع مسلمانوں کے اہم مذہبی مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

اسرائیل میں پولیس نے یروشلم میں واقع مسلمانوں کے مقدس مقامات کو بم سے اڑانے کی سازش تیار کرنے کے الزام میں ایک امریکی شہری کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار کیا جانے والا شخص امریکہ کی جنوب مغربی ریاست ٹیکساس کا رہائشی ایڈم ایوریٹ لیوکس ہے جو عیسائی العقیدہ ہے۔

استغاثہ نے ملزم پر غیر قانونی ہتھیار رکھنے، دہشت گرد حملے کی منصوبہ کرنے، اور ویزے کے میعاد ختم ہونے کے باوجود اسرائیل میں مقیم رہنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

پولیس حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ ایڈم لیوکس گزشتہ سال فلسطینی علاقے سے اسرائیل میں داخل ہوا تھا اور ایک اسرائیلی فوجی کے ساتھ مقیم تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے ساتھی فوجی اہلکار نے اسرائیلی فوج کے اسلحہ خانے سے بعض ہتھیار چرائے تھے جن کے ذریعے ملزم یروشلم میں واقع مسلمانوں کے اہم مذہبی مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطین میں قیام کے دوران بھی ایڈم لیوکس سے ایک فلسطینی شہری نے رابطہ کرکے اسے صدر براک اوباما پر ان کے دورۂ مشرقِ وسطیٰ کے دوران قاتلانہ حملہ کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ملزم نے اس سازش کا حصہ بننے سے انکار کردیا تھا۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم امریکی حکام کو منشیات سے متعلق ایک مقدمے میں بھی مطلوب ہے اور اس کے خلاف تحقیقات میں امریکی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' نے بھی اسرائیل کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG