رسائی کے لنکس

امریکی خصوصی ایلچی کی اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات


مشرقِ وسطیٰ کے بارے میں امریکی ایلچی جارج مچل نےجمعے کے روز یروشلم میں اسرائیل کے وزیرِاعظم بینجامن نتن یاہو سے ملاقات کی، تاکہ یہودی ریاست اور فلسطینیوں کو براہِ راست مذاکرات پر قائل کیا جاسکے۔

اسرائیلی حکومت کے ایک عہدے دار نےملاقات کی تصدیق کی ہےلیکن گفتگو میں زیرِ بحث آنے والےمعاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

مچل ہفتےکو فلسطینی صدر محمود عباس سے مغربی کنارے کے شہر رملا میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

جمعرات کو مسٹر عباس کی فتح پارٹی نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کوئی براہِ راست مذاکرات اُس وقت تک نہیں ہونے چاہئیں جب تک فریقین کے مابین رُکی ہوئی بالواسطہ بات چیت میں کوئی پیش رفت سامنے نہیں آتی۔

اُس نے خبردار کیا کہ امریکی ثالثی میں ہونے والی بالواسطہ بات چیت میں واضح پیش رفت کے حصول کے بغیر براہِ راست مذاکرات شروع کرنے سے سرحدوں، سلامتی اور مشرقی یروشلم میں یہودی بستیوں کو وسعت دینے کی حالیہ اسرائیلی کوششوں جیسے معاملات پر فلسطین کے مؤقف کو نقصان پہنچے گا۔

اتوار کو امورِ خارجہ سے متعلق یورپی یونین کی سربراہ کیتھرین ایشٹن غزہ کی پٹی پہنچنے والی ہیں، جو اسرائیل کی طرف سے فلسطین کی زمینی ناکہ بندی کے بعد سےلے کر اب تک کسی اعلیٰ سطح کے مغربی سفارت کار کا پہلا دورہ ہے۔

اِسی ماہ اٹلی، جرمنی، فرانس، اسپین اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کا غزہ کا دورہ متوقع ہے۔ نہ تو ایشٹن اور نہ ہی یورپی یونین کے سفارت کارشدت پسند حماس تحریک کے عہدے داروں سے ملاقات کریں گے، جِس نے 2007ء سے خطے کا کنٹرول سنبھالا ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG