رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کے رابطوں کی جاسوسی نہیں کر رہے ہیں:امریکہ


عالمی ادارے کے ترجمان نے اس بارے میں تبصرہ کرنے سے گریز کیا کہ آیا امریکی ایجنسیاں ماضی میں اقوام متحدہ کی جاسوسی کرتی رہی ہیں یا نہیں۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ امریکی حکومت نے اسے یقین دہانی کروائی ہے کہ اس کی انٹیلی جنس ایجنسیاں عالمی ادارے کے رابطوں کی نگرانی "نہ کر رہی ہیں اور نہ ہی کریں گی"۔

لیکن اقوام متحدہ کے ترجمان مارٹن نیسرکے نے اس بات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا ماضی میں ایسا ہوتا رہا یا نہیں۔

نیسرکے کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے امریکہ سے ان اطلاعات پر رابطہ کیا تھا کہ اس کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے عالمی ادارے کے مواصلاتی رابطوں کی جاسوسی کی۔

قبل ازیں جاسوسی کے معاملے پر بات چیت کے لیے واشنگٹن آئے ہوئے یورپی یونین پارلیمنٹ کے نمائندہ وفد کا کہنا تھا کہ وہ این ایس اے کے ڈائریکٹر کے اس دعوے پر غور کریں گے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ یورپ کے فون ریکارڈز جمع کرنے کے لیے ان کے ادارے کو یورپی ملکوں نے مدد فراہم کی۔

یورپی پارلیمنٹ کے جرمن نمائندے المار بروک نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ اور یورپ کے درمیان اعتماد کو پہنچنے والا نقصان ڈرامائی ہے اور شاید برسوں تک بحال نہ ہو سکے۔

ادھر گوگل اور یاہو نے جاری کیے گئے بیانات میں کہا ہے کہ انھوں نے اپنے مواصلاتی رابطوں کی نگرانی کے لیے کسی قسم کی اجازت نہیں دی۔

این ایس اے کے سربراہ کیتھ الیگزینڈر نے کہا تھا کہ ان کی ایجسنی نے گوگل اور یاہو کے سرورز میں مداخلت نہیں کی اور ایجنسی صرف "عدالتی حکم" سے ہی کوئی معلومات حاصل کرتی ہے۔
XS
SM
MD
LG