رسائی کے لنکس

شٹ ڈاؤن کا چوتھا دن، اوباما نے دورہِ ایشیا منسوخ کر دیا


صدر براک اوباما
صدر براک اوباما

مسٹر کیری بالی میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر اوباما کی جگہ شرکت کریں گے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے حکومت کے جزوی شٹ ڈاؤن کی وجہ سے دورہِ ایشیا منسوخ کر دیا ہے۔ جمعہ کو شٹ ڈاؤن کا چوتھا دن ہے۔

وائٹ ہاؤس نے جمعرات کو دیر گئے اعلان کیا کہ صدر نے انڈونیشیا اور برونائی کے دورے منسوخ کرنے کا فیصلہ شٹ ڈاؤن کے باعث بیرون ملک سفر میں مشکلات اور شٹ ڈاؤن کے خاتمے پر رائے شماری کے لیے ریپبلکنز پر دباؤ ڈالنے سے متعلق اپنے منصوبے کی بنیاد پر کیا۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ وزیرِ خارجہ جان کیری ان دونوں ممالک کے علاوہ ملائیشیا اور فلپائن میں امریکہ کی نمائندگی کریں گے۔ مسٹر کیری بالی میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر اوباما کی جگہ شرکت کریں گے۔

قبل ازیں جمعرات کو صدر اوباما کا کہنا تھا کہ حکومت کے اخراجات سے متعلق ایک غیر پیچیدہ بل جس سے اوباما کیئر نامی صحت عامہ کے پروگرام جیسے دیگر معاملات منسلک نا ہوں ایوانِ نمائندگان سے منظور ہو جائے گا۔

مسٹر اوباما نے ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر جان بوئینر پر چند ایسے قدامت پرست ریپبلکن کی خواہشات کے مطابق کام کرنے کا الزام عائد کیا جو آئندہ بجٹ میں صحت عامہ کے منصوبے کو تاخیر یا وسائل کی عدم دستیابی سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔

بوئینر کا کہنا ہے کہ مسٹر اوباما کسی سمجھوتے پر گفت و شنید کرنے سے انکاری ہیں۔ ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ وہ صحت عامہ کے قانون پر محض تبادلہ خیال کے خواہاں ہیں۔

ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کی جزوی بحالی سے متعلق کسی بھی اقدام کو مسترد کر دیں گے۔
XS
SM
MD
LG