رسائی کے لنکس

صدر اوباما کا ہوائی میں فوجی اڈے کا دورہ


اس موقع پر خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ امریکی افواج کا بطور کمانڈر انچیف رہنا اُن کی زندگی کا ایک اعزاز ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما جو ان دنوں چھٹیوں پر ریاست ہوائی میں ہیں، نے اتوار کو فوجی اڈے کا دورہ کیا اور وہاں اہلکاروں سے خطاب کیا۔

اُن کی مدت صدارت آئندہ ماہ ختم ہو رہی ہے اور اس تناظر میں بطور صدر اُن کا فوجی اڈے کا یہ الوادعی دورہ تھا۔

اس موقع پر خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ امریکی افواج کا بطور کمانڈر انچیف رہنا اُن کی زندگی کا ایک اعزاز ہے۔

اُن کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا، جب چند ہی ہفتوں میں نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

صدر اوباما نے فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ ’’اگرچہ بطور صدر میں آپ سے آخری مرتبہ خطاب کر رہا ہوں لیکن میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں‘‘ کہ ایک شہری کے طور پر آپ کے ساتھ ہر قدم پر کھڑا رہنے کا یہ عمل نہیں رکے گا۔

ہفتے کو صدر اوباما نے بیرون ملک تعینات فوجیوں سے بھی رابطہ کیا تھا اور اُنھیں بتایا کہ امریکی عوام کو اس بات کا احساس ہے کہ آپ آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔

ہوائی میں میرین کور کے اڈے کے دورے کے موقع پر صدر کی اہلیہ مشیل اوباما بھی اُن کے ساتھ تھیں، وہ دونوں سال کے اختتام پر چھٹیاں اپنی بیٹیوں کے ساتھ گزارنے کے لیے ہوائی میں ہیں۔

صدر اوباما نے فوجیوں سے کہا ہے کہ جنوری میں اپنی مدت صدارت ختم ہونے کے بعد بھی وہ اس اڈے پر آتے رہیں گے۔

اُنھوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ’’بطور ایک سابق امریکی صدر کے اُن کے پاس ایک چھوٹا سا رینک ہو گا‘‘ اور اُن کے بقول وہ اس اڈے پر قائم ’’جم اور گالف کورس‘‘ کو استعمال کر سکیں گے۔

XS
SM
MD
LG