رسائی کے لنکس

امریکہ: مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی یاد میں عام تعطیل


فائل
فائل

مارٹن لوتھر کنگ جونیئر ایک عیسائی پادری اور 1950ء اور 1960ء کی دہائیوں میں چلنے والی عدم تشدد کی تحریک کے روحِ رواں تھے۔

امریکہ میں پیر کو شہری آزادیوں اور سیاہ فام باشندوں کے حقوق کی جدوجہد کرنے والے آنجہانی رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی سال گرہ منائی جارہی ہے۔

اس موقع پر امریکہ بھر میں عام تعطیل ہے جب کہ کنگ جونیئر کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

مارٹن لوتھر کنگ جونیئر ایک عیسائی پادری اور 1950ء اور 1960ء کی دہائیوں میں چلنے والی عدم تشدد کی تحریک کے روحِ رواں تھے۔ اس تحریک کا مقصد امریکی معاشرے میں سیاہ فام افراد کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کو ختم کرنا اور انہیں یکساں حقوق دلانا تھا۔

کنگ جونیئر 1955ء میں ایک انقلابی رہنما کی حیثیت سے اس وقت امریکہ کے قومی افق پر ابھرے تھے جب انہوں نے بسوں میں سیاہ فاموں کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کے خلاف ریاست الباما کے شہر منٹگمری میں ایک کامیاب جلوس نکالا تھا۔

اس وقت کے امریکی معاشرے میں رائج 'سیگریگیشن' نامی نظام کے تحت امریکہ کے سیاہ فام باشندے مسافر بسوں کی پچھلی نشستوں پر بیٹھنے کے پابند تھے اور تمام نشستیں پْر ہونے کی صورت میں انہیں اپنی نشست بعد میں سوار ہونے والے سفید فام باشندوں کے لیے خالی کرنا پڑتی تھی۔

تمام امریکیوں کو معاشرے میں مساوی حقوق دلانے کی جدوجہد پر کنگ جونیئر کو 1964ء میں امن کے 'نوبیل' انعام سے نوازا گیا تھا۔

بعد ازاں اسی برس امریکہ کے اس وقت کے صدر لنڈن جانسن نے شہری حقوق کے تاریخی قانون پر دستخط کیے تھے جس کے تحت عوامی مقامات پر نسلی امتیاز غیر قانونی قرار پایاتھا۔

عدم تشدد پر یقین رکھنے والے کنگ جونیئر 4 اپریل 1968ء کی شب امریکی ریاست ٹینیسے کے شہر میمفس میں اس وقت نامعلوم سمت سے آنے والی ایک گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے تھے جب وہ اپنے ہوٹل کی بالکونی میں کھڑے تھے۔

قتل کے وقت کنگ جونیئر کی عمر محض 39 برس تھی اور وہ مزدوروں کے حقوق کے لیے نکالے جانے والے ایک جلوس کی قیادت کے لیے میمفس پہنچے تھے۔

مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی ایک وجہِ شہرت 1963ء میں 'میرا ایک خواب ہے (آئی ہیو اے ڈریم)' کے عنوان سے کی جانے والی ان کی وہ تاریخی تقریر بھی ہے جس نے نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کو نسلی امتیاز کے خلا ف صف آرا کردیا تھا۔

مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی اصل تاریخِ پیدائش 15 جنوری 1929ء ہے۔ لیکن 1983ء میں اس وقت کے صدر رونالڈ ریگن کے دور میں ایک قانون منظور کیا گیا تھا جس کے تحت ہر سال جنوری کے تیسرے پیر کو مارٹن لوتھر کنگ جونیئر سے موسوم کرتے ہوئے اسے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بعد ازاں 1994ء میں کانگریس نے کنگ جونیئر سے منسوب تعطیل کو 'خدمت کا قومی دن" قرار دے دیا تھا جس کا مقصد کمیونٹی کی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں میں امریکی شہریوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG