رسائی کے لنکس

پاکستانی سفارت کاروں کے بلا اجازت سفر پر پابندی کی تصدیق


امریکی معاون نائب وزیرِ خارجہ برائے سیاسی امور تھامس شینن وائس آف امریکہ کی ازبک سروس کی نمائندہ نوبہار امامووا کو انٹرویو دیتے ہوئے
امریکی معاون نائب وزیرِ خارجہ برائے سیاسی امور تھامس شینن وائس آف امریکہ کی ازبک سروس کی نمائندہ نوبہار امامووا کو انٹرویو دیتے ہوئے

وائس آف امریکہ کی ازبک سروس کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں امریکی نائب وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارت کاری میں اس طرح کے اقدامات معمول کی بات ہیں۔

ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے امریکہ میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کی بلااجازت نقل و حرکت محدود کرنے کی تصدیق کی ہے۔

امریکہ کے معاون نائب وزیرِ خارجہ برائے سیاسی امور تھامس شینن نےکہا ہے کہ امریکہ نے یہ پابندی پاکستان کی جانب سے امریکی سفارت کاروں کی بلا اجازت نقل و حرکت پر عائد پابندی کے جواب میں لگائی ہے۔

وائس آف امریکہ کی ازبک سروس کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں امریکی نائب وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارت کاری میں اس طرح کے اقدامات معمول کی بات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تعینات امریکی سفارت کاروں کو اپنے مقام سےدور سفر کرنے سے قبل پاکستان کی حکومت کو مطلع کرنا پڑتا ہے۔

افغانستان میں پاکستان کے کردار سے متعلق ایک سوال پرتھامس شینن کا کہنا تھا کہ امریکی اور پاکستانی حکام کے درمیان افغانستان کی صورتِ حال پر نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے اور ان کے بقول انہیں امید ہے کہ یہ بات چیت افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جاری لڑائی کے مقابلے کے لیے پاکستان سے تعاون طلب کرنا کہیں مشکل ہے لیکن اس کے مقابلے میں افغانستان میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا کہیں زیادہ آسان ہے۔

ایک سوال پر امریکی معاون نائب وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے متعلق وسطی ایشیائی ممالک کے تحفظات سمجھنا ہوں گے۔ لیکن ان کے بقول اس کا بہتر راستہ یہ ہے کہ افغانستان میں ایک ایسا وسیع تر مفاہمتی عمل شروع کیا جائے جس میں پاکستان ایک بامعنی اور اہم کردار ادا کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایسے مفاہمتی عمل ہی کے نتیجے میں پاکستان کو پڑوسی ملکوں اور وسطی ایشیائی ملکوں کے ساتھ بات چیت کے مواقع میسر آئیں گے جن کے ذریعے باہمی خدشات کا ازالہ کیا جاسکتا ہے۔

امریکی معاون وزیرِ خارجہ نے حال ہی میں 'کابل امن عمل' کے سلسلے میں ازبکستان میں ہونے والی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے اسے انتہائی خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملکوں کے درمیان اس نوعیت کے رابطے افغانستان میں امن کے حصول میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG