رسائی کے لنکس

الاسکا کے نزدیک امریکی آئل رِگ ساحل سے ٹکرا گیا


فائل
فائل

امریکہ کی دور دراز ریاست الاسکا کی حدود میں کھلے سمندر میں سے تیل نکالنے والا ایک بڑا پلیٹ فارم طوفان کے باعث ساحل سے ٹکراگیا ہے۔

امریکہ کی دور دراز ریاست الاسکا کی حدود میں کھلے سمندر میں سے تیل نکالنے والا ایک بڑا پلیٹ فارم طوفان کے باعث ساحل سے ٹکراگیا ہے۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق 'شیل' کمپنی کی ملکیت 'کولْک' نامی رِگ منگل کو اس جہاز سے علیحدہ ہوگیا تھا جو اسے خلیجِ الاسکا کے بپھرے ہوئے پانیوں میں سنبھالے ہوئے تھا۔

حکام کے مطابق جہاز سے علیحدہ ہونے کے بعد رِگ کا رابطہ خود کو کھینچنے والی ٹگ بوٹ سے بھی ٹوٹ گیا تھا جس کے ایک گھنٹے بعد ہی وہ ایک غیر آباد جزیرے کے چٹانی ساحل سے جا ٹکرایا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت علاقے میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی زائد رفتار سے طوفانی ہوائیں چل رہی تھیں جو رِگ کو 'سٹِ کالیڈک' نامی جزیرے کی طرف کھینچ لے گئیں۔

حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے کیوں کہ رِگ پر سوار عملے کو اس کے ساحل سے ٹکرانے سے قبل ہی نکال لیا گیا تھا۔

کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق حادثے کے وقت رِگ پر بطور ایندھن ساڑھے پانچ لاکھ لیٹر سے زیادہ ڈیزل اور 45 ہزار لیٹر لیوب آئل اور ہائیڈرالک فلڈ موجود تھے تاہم حادثے کے بعد ان میں سے کسی کے بھی اخراج کی کوئی فوری علامت نہیں ملی ہے۔

یہ حادثہ 'شیل' کی جانب سے الاسکا کے برفانی پانیوں میں تیل تلاش کرنے کی جاری کوششوں کے لیے ایک نیا جھٹکا ہے۔

امریکہ کے انڈین باشندے اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیمیں اس منصوبے کی شدید مخالفت کر رہی ہیں جب کہ 'شیل' کو بھی علاقے کی سخت جغرافیائی ماحول کے باعث آلات کے ناکارہ ہونے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG