رسائی کے لنکس

خلیج میکسیکو بحران: دو ارب ڈالر خرچ


آئل کمپنی برٹش پٹرولیم نے کہا ہے کہ وہ خلیج میکسیکو میں بڑے پیمانے پر تیل کا اخراج سے نمٹنے کی کوششوں پر اب تک دو ارب ڈالر صرف کرچکی ہے۔

پیر کے روز ایک بیان میں توانائی کی برطانوی کمپنی نے کہا کہ اس کے اب تک کے ان اخراجات میں اخراج روکنے کی کوششوں، امدادی کنوئیں کی ڈرلنگ، وفاقی اخراجات اور متاثرہ کاروباروں اور افراد کے نقصانات کی تلافی شامل ہیں۔

اس سانحے سے متاثر ہونے والوں کی مددکے لیے پچھلے ہفتے 20 ارب ڈالر کا ایک فنڈ قائم کرنے پر رضامندی کے بعد ، پیر کے روز کمپنی نے کہا کہ وہ نقصانات کے دائرکیے جانے والے 32 ہزاردعوؤں کے جواب میں اب تک ایک ارب پانچ کروڑ ڈالر کی ادائیگی کرچکی ہے۔

برٹش پٹرولیم کی جاری کردہ تازہ دستاویزات سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ انتہائی بدترین صورت حال میں خلیج میکسکیو کے تباہ شدہ کنوئیں سے روزانہ ایک لاکھ بیرل تیل خارج ہوسکتا ہے۔

یہ دستاویز اتوار کے روز امریکی کانگریس مین ایڈ مارکی نے جاری کی تھی۔تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بدترین صورت حال کی ایک تصوراتی تصویر ہے اور اس کا کمپنی کے مطابق فی الواقع جتنا تیل بہہ رہاہے،یا کمپنی جتنے اخراج کی توقع کرسکتی ہے،اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

امریکی حکومت کا اندازہ ہے کہ خراب ترین صورت حال میں 60 ہزار بیرل تیل روزانہ خارج ہوسکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG