رسائی کے لنکس

سمندر میں تیل کے اخراج کو روکنے کی کوششیں جاری


امریکہ میں ساحلی پولیس زیر آب ایک کنویں سے خلیج میکسیکو میں تیل کے اِخراج کو روکنے کے لیے سر توڑ کوششوں کر رہی ہے۔

تیل کے اس کنویں کو سہارا دینے والا ڈھانچہ 20 اپریل کو دھماکے سے پھٹنے کے دوروز بعد پانی میں ڈوب گیا تھا۔ حادثے کے وقت تنصیب پر 126 لوگ کام کرر ہے تھے جن میں سے11 لاپتہ افراد کے بارے میں قیاس کیا جار ہا ہے کہ وہ مرچکے ہیں۔

تیل کا یہ کنواں لوئیزیانا کے ساحل سے 67 کلومیٹر دور ہے اور اسے روزانہ ایک لاکھ نو ہزار لیٹر تیل خارج ہو رہا ہے۔ تیل کایہ بہاؤ امریکہ کی چار ریاستوں کے ساحلی علاقوں کے لیے خطرہ بن گیا ہے جن میں ٹیکساس، میسسیپی(Mississippi )، فلوریڈا اور لوئیزیانا شامل ہیں۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تیل کو ساحل تک پہنچنے میں کم ازکم تین دن لگیں گے۔ تیل کا متاثرہ کنواں لندن کی ایک کمپنی ، بی پی ،کے زیر نگرانی کام کررہا تھا۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ کمپنی نے کنویں سے تیل کے بہاؤ کو بند کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں خودکار آبدوزیں علاقے کی طرف راوانہ کر دیں ہیں۔

اگر یہ کوشش ناکام ہو گئی تو پھر تیل کے بہاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی طو رپر ایک دوسرا کنواں کھودنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ لیکن اِس کام میں کئی ہفتے یا پھر کئی ماہ لگ سکتے ہیں کیونکہ متاثرہ ڈھانچہ غیر معمولی گہرے پانے میں ڈوبا ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خارج ہونے والے تیل سے متاثرہ علاقے کی لمبائی تقریباََ 70 کلومیٹر اور چوڑائی 60 کلومیٹر ہے۔

امریکہ کا یہ ساحلی علاقہ سمندری پرندوں، ڈولفن مچھلیوں اور سمندری حیات کی آماجگاہ ہے جس سے تجارتی پیمانے پر ماہی گیری اور سیاحت کی صنعت سے منسلک افراد کا روزگار وابستہ ہے۔

XS
SM
MD
LG