رسائی کے لنکس

نیو یارک: یو ایس اوپن ٹینس کورٹ کرونا مریضوں کے اسپتال میں تبدیل


نیو یارک کے میئر بل دی بلاسیو نے منگل کو کرونا وائرس کے متاثرین کے لئے اسپتالوں کے بستروں کی تعداد بڑھا کر تین گنا کرنے اور مختلف سہولتوں کو عارضی اسپتالوں میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت نیو یارک کے معروف کرونا پارک میں واقع عالمی شہرت یافتہ یو ایس اوپن ٹینس سینڑ کے بلی جین کنگ ٹینس سنیٹر میں بھی عارضی اسپتال قائم کیا جا رہا ہے، جو سات اپریل سے کام شروع کر دے گا۔

اس عارضی اسپتال میں کرونا کے ان مریضوں کا علاج ہوگا جن کی حالت بہت زیادہ خراب نہ ہو اور انھیں آئی سی یو میں رکھنے کی ضرورت نہ ہو۔ بل دی بلاسیو کا کہنا ہے کہ آئندہ تین ہفتوں میں یہ اسپتال اپنی مکمل گنجائش کے مطابق کام شروع کردے گا، یعنی ساڑھے تین سو بستروں کا اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ اس ٹینس سنٹر میں سال کا چوتھا بڑا گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن منعقد ہوتا ہے جو عموما ًاگست کے آخری ہفتے میں شروع ہوتا ہے۔

امریکہ میں نیویارک وہ شہر ہے جہاں امریکہ بھر کے ایک تہائی کرونا مریض سامنے آئے ہیں اور بدھ کی صبح تک اس شہر میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے کہیں زیادہ پہنچ چکی ہے۔

بل دی بلاسیو کا کہنا ہے کہ نیویارک کے بڑے اسپتالوں میں کل بیس ہزار بستروں کی گنجائش ہے۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس میں تین گنا اضافے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، کیونکہ محض اگلے ہفتے میں تین گنا زائد بیڈز کی ضرورت ہوگی۔

نیویارک کے مرکزی پارک میں بھی اس سلسلے میں بدھ کو ایک ریسپائریٹری کیور یونٹ، سمرٹین پورس ایمرجنسی فیلڈ اسپتال قائم کیا گیا ہے، جس کا آغاز بدھ کو ہوگیا۔ یہ فیلڈ اسپتال ماونٹ سینائی ہیلتھ سسٹم کے اشتراک سے کام کرے گا۔

اسی طرح عظیم الشان جیوٹ کنوینشن سنٹر کو بھی ہنگامی اسپتال میں تبدیل کیا جا رہا ہے جو ایک ہزار بستروں کا اسپتال ہوگا، جہاں منگل سے مریضوں کا داخلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

نیو یارک کے میئر بل دی بلاسیو کا کہنا ہے کہ بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر کو تین سو پچاس بستروں کے مکمل اسپتال میں تبدیل کرنے میں تین ہفتے لگیں گے۔

میئر بل دی بلاسیو نے کہا کہ شہری حکومت نے تیزی سے دیگر سہولتوں کو ہسپتال میں تبدیل کرنے کا ٹارگیٹ پورا کیا ہے۔ صرف جیوٹ سنٹر میں ہزاروں نئے بیڈز بنائے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ نیول اسپتال یو ایس این ایس نیویارک ڈاک یارڈ پر لنگرانداز ہے جہاں ساڑھے سات سو بستروں کی سہولت کے ساتھ اسپتال نے کام شروع کردیا ہے، لیکن اس میں اضافہ کرکے اسے ایک ہزار بیڈ تک توسیع دی جا رہی ہے۔

نیو یارک میں کرونا وائرس کے بحران سے نبرد آزمائی کے لئے مختلف سہولتوں کے لئے تعمیر کی گئی عمارتوں کے علاوہ متعدد ہوٹلوں کو بھی ہنگامی اسپتالوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ میئر بل دی بلاسیو کہتے ہیں کہ ہم ہر روز کچھ نہ کچھ کرکے آگے بڑھ رہے ہیں، تاکہ جس چیز کی ہمیں ضرورت ہے وہ حاصل کر سکیں۔

XS
SM
MD
LG