رسائی کے لنکس

اسامہ کا شکاری پاکستان میں گرفتار


اسامہ کا شکاری پاکستان میں گرفتار
اسامہ کا شکاری پاکستان میں گرفتار

پاکستانی پولیس نے امریکی شہر کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ گیری فاؤلکنز کو اتوار کی رات چترال کی بمبورت وادی سے گرفتار کیا تھا جس کی سرحد افغانستان کے مشرقی صوبے نورستان سے ملتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس مشتبہ امریکی شخص کے قبضے سے ایک پستول، ایک میٹر لمبی تلوار، 15 انچ کا خنجراور کارتوس کے علاوہ رات کے اندھیرے میں دیکھنے والی دوربین بھی برآمد ہو ئی جبکہ دوران تفتیش اُس نے پولیس کو بتایا کہ وہ القاعدہ نیٹ ورک کے سربراہ اسامہ بن لادن کو تلاش کرکے اُسے قتل کرنے کی مہم پر ا س علاقے میں آیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ امریکی شہر ی ایک سیاح کے روپ میں یکم جون کو چترال پہنچا تھا اور اسامہ بن لادن کی تلاش میں سرحد عبور کرکے افغانستان جانے کی کوشش میں تھا تاکہ وہ بن لادن تک پہنچ سکے جسے وہ امریکہ کے لیے ایک بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔ چترال پولیس نے اس مشکوک امریکی شہری کو گرفتار کرنے کے بعد پشاور منتقل کردیا ہے جہا ں اُس نے اطلاعات کے مطابق تحقیقات کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ سات مرتبہ پاکستان آچکا ہے اور تین مرتبہ چترال جا چکا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ حکام نے پشاور میں امریکی قونصل خانے کو ایک مشتبہ امریکی شہری کو حراست میں لیے جانے کے بارے آگاہ کیا ہے جس تک سفارتی رسائی حاصل کی جارہی ہے ۔ تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ مکمل تفتیش سے پہلے مبینہ امریکی شہری کے عزائم یا مقاصد کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

امریکی اور دوسرے بین ا لاقوامی انٹیلی جنس اداروں کا ماننا ہے کہ اسامہ بن لادن ممکنہ طور پر مشرقی افغانستان کے سرحدی علاقوں میں روپوش ہے تاہم حالیہ دنوں میں اعلیٰ امریکی عہدے دار متعدد بار یہ بیان دے چکے ہیں ہیں کہ القاعدہ کے لیڈرکی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں موجودگی کے امکانات ہیں البتہ پاکستانی حکام انھیں محض قیاس آرائیاں قرار دیتے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG