رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے متاثرین کو 80 کروڑ ڈالر سے زائد ادا کیے: امریکی محکمہ انصاف


ایران میں امریکہ کے سفارت خانے کے باہر مظاہرہ جہاں 1979ء میں امریکی شہریوں کو یرغمال بنایا گیا (فائل فوٹو)
ایران میں امریکہ کے سفارت خانے کے باہر مظاہرہ جہاں 1979ء میں امریکی شہریوں کو یرغمال بنایا گیا (فائل فوٹو)

امریکہ کے محکمہ انصاف نے جمعرات کو کہا کہ اس کی طرف سے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران دہشت گردی کی کارروائیوں کے متاثرین کو کانگرس کی طرف سے قائم کردہ فنڈ میں سے 80 کروڑ ڈالر سے زائد کا معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔

محکمہ انصاف نے کہا کہ 2,332 دعوے داروں میں 1979ء اور 1984ء کے دوران ایران میں یرغمال بنائے جانے والے امریکی شہریوں کے علاوہ کینیا اور تنزانیہ میں امریکی سفارت خانوں پر ہونے والے القاعدہ کے بم حملوں کے متاثرین بھی شامل ہیں۔

کانگرس نے حکومت کی مدد سے دہشت گردی کے متاثرین کے لیے 2015ء میں ایک فنڈ قائم کیا تھا اور اس کا انتظام محکمہ انصاف کے کریمینل ڈویژن کے زیر انتظام ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ کانگرس نے ابتدائی طور پر متاثرین کو رقوم کی ادائیگی کے لیے تقریباً ایک ارب 25 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی تھی اور محکمہ انصاف کی طرف سے حال ہی میں چلائے گئے مقدمات اور امریکہ کی حکومت کے قانون نافذ کرنے کے اقدامات کے تحت ابتدائی طور پر ادا کی جانے والی رقوم ایک ارب 10 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

محکمہ انصاف کی کریمنل ڈویژن کے قائم مقام نائب اٹارنی جنرل کینتھ بلانکو نے ایک یبان میں کہا کہ "اس پروگرام کے ذریعے۔۔۔ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے متاثرین کے لیے معاوضوں کی ادائیگی کے لیے ہمارا عزم مصمم رہے گا اور ہم غیر قانونی فنڈز اور اثاثوں کی کھوج لگانا جاری رکھیں گے۔"

XS
SM
MD
LG