رسائی کے لنکس

جنوبی اضلاع میں امدادی کارروائیوں کے لیے مزید امریکی ہیلی کاپٹروں کی آمد


یو ایس ایس پیلیلیو سے پرواز کرتا ہوا ہیلی کاپٹر
یو ایس ایس پیلیلیو سے پرواز کرتا ہوا ہیلی کاپٹر

امریکی میرین کور کے چار سی ایچ ۔ 46 سی نائٹ ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی تیاریوں کے لیے جمعرات کو سکھر کے قریب پنوں عاقل ائیر بیس پہنچے ہیں۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ اُن کل آٹھ امریکی ہیلی کاپٹروں میں سے پہلے چار ہیں جو جنوبی ائیر بیس پر پاکستانی افواج کے ساتھ مل کر سیلاب زدہ علاقوں میں معاونت کریں گے۔

ان میں سے دو ہیلی کاپٹر شمال میں واقع غازی ائیر بیس سے آئے جب کہ دیگر دو کراچی کے جنوبی ساحل سے کچھ فاصلے پر سمندر میں تعینات یو ایس ایس پیلیلیو سے پرواز کر کے پنوں عاقل پہنچے ، پیلیلیو سے مزید ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں میں معاونت کریں گے ۔

بیان کے مطابق ایک نئے مقام سے ہیلی کاپٹروں کے یہ آپریشنز حکومت پاکستان کی جانب سے جنوبی علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں معاونت کی درخواست پر شروع کیے گئے ہیں۔ آئندہ دنوں میں الاسکا سے آنے والے امریکی فوج کے ہیلی کاپٹر چکلالہ ائیربیس راولپنڈی پہنچیں گے جنھیں بالآخر غازی ائیربیس بھیج دیاجائے گا۔ یہ وہاں پہلے سے موجود امریکہ کے 15 فوجی ہیلی کاپٹروں کی جگہ لیں گے۔

پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں انسانی بنیاد پر امداد ی کارروائیوں میں معاونت کرنے والے امریکی فوجی طیاروں نے اب تک تیس لاکھ پاؤنڈ سے زائد امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جب کہ گیارہ ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل بھی کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG