رسائی کے لنکس

پاکستان امریکہ تعلقات: بھارتی تشویش کم کرنے کی کوشش


پاکستانی وزیر آعظم گیلانی (دائیں) اور خصوصی امریکی ایلچی ہالبروک (فایل فوٹو)
پاکستانی وزیر آعظم گیلانی (دائیں) اور خصوصی امریکی ایلچی ہالبروک (فایل فوٹو)

امریکی حکام کوشش کر رہے ہیں کہ وہ امریکہ کی پاکستان سے پارٹنرشپ اور پاکستان کے افغان معاملات میں بڑھتے ہوئے کردار پر بھارتی تشویش کو کم کرسکیں۔

افغانستان اور پاکستان کے لیے خصوصی امریکی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے جمعرات کوکہا کہ پاکستان اور امریکہ کے بہتر تعلقات کا مطلب یہ نہیں ہے کہ علاقائی سلامتی کے حوالے سے بھارت کی اہمیت میں کمی کی جائے۔

نیو دہلی میں بات کرتے ہوئے ہالبروک نے کہا کہ پاکستان کی شرکت کے بغیر افغانستان میں استحکام نہیں لایا جاسکتا۔ بھارت کو تشویش ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا منصوبہ پاکستان کو افغانستان میں ایک نمایاں مقام دلا دے گا۔

ہالبروک نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکہ کے پاکستان سے بہتر تعلقات اور بھارت سے اچھے امریکی تعلقات دونوں ممالک کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاک، امریکی تعلقات پر بھارتی تشویش کا علم ہے۔ ہالبروک بھارت جانے سے پہلے پاکستان میں وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے ساتھ موجود تھے۔

امریکہ کے اعلیٰ ترین فوجی عہدیدار بھی نیو دہلی میں تھے جہاں انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ حالیہ سالوں کے دوران فوجی تعلقات میں اضافہ کیا ہے۔

جوائنٹ چیفز کے چیرمین ایڈمرل مائک ملن نے اعتراف کیا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان افغانستان کے معاملے پر کئی اختلافات ہیں، مگر دونوں افغانستان میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایڈمرل ملن اپنے بھارتی ھم منصب ایر چیف مارشل پرادیپ واسنت نائک سے مل رہے ہیں جبکہ اسی ہفتے وہ پاکستان بھی جائینگے۔

XS
SM
MD
LG