رسائی کے لنکس

امریکہ: جنگی حکمت عملی میں تبدیلی کاامکان


دفاع سے متعلق امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ فوج اپنی جنگی حکمت عملی کی منصوبہ بندی میں تبدیلی کرے گی اور وہ ایک ساتھ دوبڑی روائتی جنگیں لڑنے کی بجائے نسبتاً چھوٹے پیمانے کی کئی لڑائیوں کے لیے خود کو تیار کرے گی۔

پینٹاگان کی جانب سے فوجی حکمت عملی پر مبنی جائزہ رپورٹ پیر کے روز جاری کی جارہی ہے۔ اس رپورٹ میں مستقبل کے خطرات کا تجزیہ کیا جائے گا اور توقع ہے کہ یہ رپورٹ افغانستان، عراق، پاکستان اور یمن میں لڑائیوں پر مرکوز ہے۔

یہ رپورٹ اسی دن جاری کی جارہی ہے جب پینٹاگان اپنا 2011ء کا بجٹ پیش کررہا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے مینڈیٹ کی حامل اس رپورٹ میں امریکہ کو سائبر حملوں اور دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے طریقوں پر زور دیا جائے گا۔

دفاعی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس جائزے میں افغانستان میں دشوار گذارراستوں کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے مزید ہیلی کاپٹروں کی فراہمی پر بھی زور دیا جائے گا۔

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے پچھلے سال ہائی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں پر مبنی کئی منصوبوں پر اخراجات میں کمی کے لیے کہا تھا۔ انہوں نے امریکی محکمہ دفاع کے لیے ایک ایسے بجٹ کی تجویز دی تھی جس میں شورش پسندوں کا مقابلہ کم تر سطح کی ٹیکنالوجی پرمبنی ہتھیاروں سے کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG