رسائی کے لنکس

پاکستان کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کی جائے: امریکی سینیٹرز


سینیٹر جان مکین
سینیٹر جان مکین

امریکہ میں دو بااثر قانون سازوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بشمول فوجی و اقتصادی امداد پر ’’مکمل نظرِ ثانی‘‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

ریپبلیکن جماعت سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز جان مکین اور لِنڈسی گراہم نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق معاملات میں امریکہ ’’حیرت انگیز ضبط‘‘ کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں اُنھوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلقات میں اُن کے بقول اس ’’حقیقت پسندانہ سمجھ بوجھ‘‘ کو مدد نظر رکھنا ہوگا کہ پاکستانی فوج کے اقدامات نے امریکی افواج کو ہونے والے جانی نقصانات میں کردار ادا کیا ہے اور ان کی وجہ سے سلامتی سے متعلق امریکی مفادات بھی متاثر ہوئے ہیں۔

دونوں سینیٹرز، جو سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن بھی ہیں، نے پاکستانی فوج اور انٹیلی جنس عہدے داروں پر طالبان کے حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

اُن کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب مہمند ایجنسی میں نیٹو کے حملے میں 24 فوجیوں کی ہلاکت پر سخت احتجاج کرتے ہوئے پاکستان نے جرمنی کے شہر بون میں افغانستان کے مستقبل پر پیر کو ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔

جان مکین اور لِنڈسی گراہم نے پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُنھوں یقین ہے کہ نیٹو اور امریکی افواج کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات سے ’’اس المناک سانحہ‘‘ کے محرکات واضح ہو جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG