رسائی کے لنکس

ایٹمی حملے کی دھمکی بے معنی ہے، امریکہ


اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی سفیر سوزن رائس
اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی سفیر سوزن رائس

امریکہ نے شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی جنگ میں پہل کی دھمکی کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

امریکہ نے شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی جنگ میں پہل کی دھمکی کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

اقوامِ متحدہ کے لیے امریکی مندوب سوزن رائس نے جمعرات کو سلامتی کونسل میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں سے شمالی کوریا کو عالمی برادری میں مزید تنہائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی دھمکیوں کے نتیجے میں شمال مشرقی ایشیا میں استحکام اور امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو دھچکا پہنچے گا۔

سلامتی کونسل میں بحث کے دوران میں عالمی ادارے میں چین کے سفیر لی بائوڈونگ نے کہا کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف منظور کی جانے والی نئی پابندیوں کا اطلاق پوری طرح سے کیا جائے اور اسے ممنوعہ سامان کی ترسیل کی تمام کوششوں کو سختی سے روکا جائے۔

چین کی جانب سے یہ بیان خاصا اہم ہے کیوں کہ بیجنگ حکومت عالمی برادری میں تنہائی کا شکار شمالی کوریا کی دوست سمجھی جاتی ہے۔

قبل ازیں شمالی کوریا نے امریکہ کو ایٹمی جنگ میں پہل کی دھمکی دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ وہ جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کو جوہری جنگ کی شروعات کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

پیانگ یانگ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’کے سی این اے‘ کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ "چونکہ امریکہ جوہری جنگ کو ہوا دے رہا ہے لہذا ہم حملہ آوروں کے خلاف اپنے وسیع تر مفاد میں حملے میں پہل کرنے کے حق کو استعمال کریں گے"۔
XS
SM
MD
LG