رسائی کے لنکس

امریکہ: داعش کے لیے بھرتیاں کرنے والے کو 22 سال قید


مفید الفجیح (فائل فوٹو)
مفید الفجیح (فائل فوٹو)

یمن نژاد امریکی شہری مفید الفجیح پر گزشتہ دسمبر میں وفاقی عدالت نے دہشت گرد گروپ کو 2013ء اور 2014ء میں معاونت فراہم کرنے کی کوشش کی فرد جرم عائد کی تھی۔

امریکہ میں ایک شخص کو داعش کے لیے لوگوں کو بھرتی کرنے اور دہشت گرد گروپ کی مدد کرنے کے جرم میں 22 سال چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

یمن نژاد امریکی شہری مفید الفجیح پر گزشتہ دسمبر میں وفاقی عدالت نے دہشت گرد گروپ کو 2013ء اور 2014ء میں معاونت فراہم کرنے کی کوشش کی فرد جرم عائد کی تھی اور اس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔

مفید نیویارک کے علاقے روچسٹر سے تعلق رکھتا ہے اور وہاں پیزا کی ایک دکان چلاتا تھا۔ اسے مئی 2014ء میں گرفتار کیا گیا۔

تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ اس نے دو بندوقیں بھی خریدیں تھیں اور مبینہ طور پر اس کا منصوبہ جنگوں سے واپس آنے والے امریکی فوجیوں کو مارنے کا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس نے تین لوگوں کو شام میں داعش کے ساتھ مل کر لڑنے کے لیے بھرتی کرنے کی کوشش بھی کی۔

امریکی اٹارنی ولیم ہوچل نے عدالت کی طرف سے مجرم کو سزا سنائے جانے کے بعد کہا کہ "آج کے فیصلے کا شکریہ، پہلی مرتبہ داعش کے لیے بھرتی کرنے والے کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا اور وہ اب ایک طویل عرصے تک قید میں رہے گا۔"

لیکن ان کے بقول اگرچہ یہ معاملہ داعش اور اس میں شامل ہونے والوں کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہے، دہشت گرد گروپوں کو ختم کرنے کے لیے ہماری کوششیں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ان انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔

سزا سنائے جانے پر مفید نے خود تو کچھ نہیں کہا لیکن اس کے وکیل نے ایک بیان پڑھا جس میں داعش کو مسترد کیا گیا۔

بیان میں مفید کا کہنا تھا کہ "میں نے داعش کو تشدد جیسے کہ لوگوں کے سرقلم کرتے اور زندہ جلاتے ہوئے دیکھا، وہ (داعش) کہتے ہیں وہ یہ مذہب کے لیے کر رہے ہیں، میرا ماننا ہے کہ وہ غلط ہیں۔"

حکام کے مطابق سزا پوری ہونے پر اس کی نگرانی کی جاتی رہے گی جس میں اس کی انٹرنیٹ پر سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG