انسانی حقوق کے بارے میں امریکی حکومت کے خرچ سے قائم ایک کمیشن نے برما، ایرِٹریا اور ایران سمیت، دنیا میں ایسے 13 ملکوں کی نشاندہی کی ہے جہاں مذہبی آزادی کو بُری طرح پامال کیا جارہا ہے۔
بین الاقوامی مذہبی آزادی کے بارے میں امریکی کمیشن نے ان تین ملکوں کے علاوہ اپنی فہرست میں چین، عراق، نائجیریا، شمالی کوریا، پاکستان، سعودی عرب، سوڈان، ترکمانستان، ازبکستان اور ویت نام کو بھی شامل کیا ہے ۔
کمیشن نے جمعرات کو جاری ہونے والی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ان ملکوں میں سے کچھ ملکوں کی حکومتوں نے مذہب کی بنیاد پر تشّدد کے ذمے دار لوگوں کو سزا نہیں دی جبکہ کچھ دوسرے ملکوں نے ایسے استبدادی نظریات مسلّط کردیے جن کا مقصد ہی مذہبی اقلیتوں کو کچلنا ہے۔
کمیشن نے سفارش کی ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ ان ملکوں کو ” مخصوص دلچسپی کے ملک“ قرار دےدے۔اس اقدام کے نتیجے میں ان ملکوں کے خلاف ممکنہ طور پر پابندیاں عائد کی جاسکیں گی۔
کمیشن نے یہ سفارش بھی کی ہے کہ افغانستان، کیوبا اور روس سمیت، 12 ملکوں کو ”قابلِ نگرانی “ ملکوں کی فہرست میں شامل کردیا جائے۔ اس حیثیت کے حامل ملکوں میں مذہبی آزادیوں کی خلاف ورزی کے سنگین واقعات پر گہری نظر رکھنا ضروری ہوجاتا ہے۔
مقبول ترین
1