رسائی کے لنکس

بحرالکاہل پر ہائی جیکنگ سے نمٹنے کے لیے مشترکہ مشق


امریکہ ، کینیڈا اور روس کے حکام نے بحرالکاہل پر پرواز کے دوران جہاز کی ہائی جیکنگ کے واقعہ سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے ایک مشق مکمل کی ہے۔ یہ مشترکہ مشق شمال مغربی امریکہ میں الاسکا کے ایک علاقے میں کی گئی۔

اس مشق کے دوران فرضی ہائی جیکرز روس کی طرف پرواز کرنے والے ایک جیٹ مسافر طیارے کو اغواء کر لیتے ہیں اور اس واقعہ کے فوراََ بعد حکام نارتھ امریکن ائروسپیس ڈیفنس کمانڈ ،یا این او آراے ڈی، اور روسی فضائیہ کو اس بارے میں آگاہ کر دیتے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی این او آر اے ڈی نے ایک نگرانی کرنے والا جہاز اور دو F-22 لڑاکا طیارے ہائی جیک کیے گئے جہاز کا راستہ روکنے کے لیے روانہ کردیے اور جو نہی مسافر طیارہ روس کی فضائی حدود میں داخل ہوا، نگرانی کرنے والا ایک روسی جہاز اور دو لڑاکا طیارے ہائی جیک ہونے والے طیارے کا پیچھا کرنے کی اس فرضی دوڑ میں شامل ہو گئے۔

روسی علاقے میں اترنے کے بعد اسی انداز میں ان طیاروں نے واپسی پر ایک دوسرے ہائی جیک طیارے کا فرضی پیچھا کیا اور ایک بار پھر الاسکا کے اینکوریج نامی علاقے میں واپس اتر گئے جہاں این او آر اے ڈی کے نائب کمانڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک تاریخی مشق تھی۔

انھوں کہا کہ امریکہ ، روس اور کینیڈااپنے فوجی تعلقات کوزمانہ سرد جنگ میں حالت تصادم سے موجودہ دور میں باہمی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

XS
SM
MD
LG