رسائی کے لنکس

نگرانی کا اصلاحاتی بل سینیٹ میں مسترد


اس بل کے تحت فون ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کو عدالت سے اجازت لے کر فون کمپنیوں سے رابطہ کرنا ہوگا۔

امریکہ کی سینیٹ نے ایوان نمائندگان کی طرف سے بھاری اکثریت سے منظور ہونے والے اس مسودہ قانون کو مسترد کر دیا ہے جس کے تحت نیشنل سکیورٹی ایجنسی کو بڑی مقدار میں امریکیوں کے فون ڈیٹا کو جمع کرنے سے مشروط طور پر روکا گیا تھا۔

ہفتہ کو علی الصبح سینیٹ میں ہونے والی رائے شماری میں اس بل کے حق میں 42 جب کہ مخالفت میں 57 ووٹ آئے۔ مسودے کی منظوری کے لیے 60 ووٹوں کی ضرورت تھی۔

"یو ایس اے فریڈم ایکٹ" کہلوانے والے اس بل کو ایوان نمائندگان میں 388 ووٹوں سے منظور کیا گیا تھا جب کہ صرف 88 نمائندوں نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔

اس بل کے تحت فون ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کو عدالت سے اجازت لے کر فون کمپنیوں سے رابطہ کرنا ہوگا۔

نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق کنٹریکٹر ایڈورڈ سنوڈن نے 2013ء میں امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے عام امریکیوں کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے وسیع دائرہ کار کا انکشاف کرکے بین الاقوامی سطح پر تہلکہ مچا دیا تھا۔

ایک سال سے زائد عرصہ قبل قانون سازوں نے ایک مسودہ قانون پر کام شروع کیا تھا جو انٹیلی جنس ایجنسیوں کو شہری آزادیوں کی خلاف ورزی کیے بغیر امریکیوں کو محفوظ بنانے کے ضروری اسباب فراہم کرے۔

XS
SM
MD
LG