امریکہ کی ریاست مشی گن میں فائرنگ کے واقعات میں کم ازکم سات افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ہفتہ کو دیر گئے فائرنگ کے واقعات کالامازو کاؤنٹی کے مختلف مقامات پر پیش آئے۔
کاؤنٹی کے انڈر شیرف پال میٹئس کے مطابق یہ ہدف بنا کر قتل کرنے کے واقعات نہیں تھے اور مشتبہ حملہ آور کو اتوار کو علی الصبح حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ان کے بقول 45 سالہ سفید فام مشتبہ شخص نے حراست میں لیے جانے کے وقت کسی طرح کی مزاحمت نہیں کی اور اس کی گاڑی سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ تاحال فائرنگ کے محرکات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کو سب سے پہلے کالامازو کاؤنٹی اپارٹمنٹ سے ایک خاتون کے فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ملی اور کچھ دیر بعد گاڑیوں کی ایک دکان اور ریسٹورنٹ کے قریب فائرنگ کے واقعات میں چار افراد کی ہلاکت اور دو کے زخمی ہونے کا پتا چلا۔
زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ریسٹورنٹ کے قریب ہونے والی فائرنگ میں ایک 14 سالہ لڑکی بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے جب کہ گاڑیوں کی ڈیلر شپ کے قریب فائرنگ سے ایک باپ بیٹا موت کا شکار ہوئے۔
کالامازو تقریباً 75 ہزار کی آبادی والا علاقہ ہے جو ڈیٹرائیٹ سے تقریباً 160 میل مغرب میں واقع ہے۔