رسائی کے لنکس

طالبان اور امریکہ نے ذمہ داری نبھائی تو امن معاہدہ ہو جائے گا: خلیل زاد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ اگر افغان طالبان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو امریکہ بھی اپنا فرض نبھائے گا اور دونوں فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پا جائے گا۔

بدھ کو افغانستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے ٹوئٹ میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ کابل کا ان کا یہ دورہ خصوصی ایلچی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے اب تک کا سب سے کامیاب دورہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران امریکہ اور افغانستان نے مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاق کر لیا ہے اور اب مذاکراتی ٹیم اور تیکنیکی معاونت کرنے والے افراد کی فہرست کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وہ اب اسلام آباد سے ہوتے ہوئے قطر کے دارالحکومت دوحہ جائیں گے۔

واضح رہے کہ دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور رواں ہفتے شروع ہو رہا ہے اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور مغربی ملکوں کے سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے اس دور میں دونوں فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے قوی امکانات ہیں۔

امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان افغانستان میں امن قائم کرنے اور افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے لیے گزشتہ کئی ماہ سے مذاکرات جاری ہیں۔ مذاکرات کے اب تک سات دور مکمل ہو چکے ہیں۔

فریقین کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے بیشتر نکات پر اتفاق ہو گیا ہے اور اب صرف چند اختلافی امور پر بات چیت جاری ہے۔

امریکہ افغانستان سے اپنی فوجیں جلد نکالنے کا خواہش مند ہے اور امریکی حکام پر امید ہیں کہ رواں سال ستمبر تک افغان امن معاہدہ طے پا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG