رسائی کے لنکس

امریکہ اور بھارت کے مابین دفاعی تجارت کے مزید فروغ کی کوشش


بیان میں بتایا گیا کہ 2008ء سے امریکہ اور بھارت کے مابین دفاعی تجارت دس ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

امریکہ کے اعلیٰ عہدیداران بدھ کو بھارت میں ہونے والے "ایرو انڈیا 2015 ایئر شو" اور فضائی آلات کی نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ عہدیدار بھارت امریکہ دفاعی تعاون کے فروغ کے علاوہ بیرون ملک تجارتی اور دفاعی ٹھیکوں کے حصول کی خواہشمند امریکی کمپنیوں اور برآمدات کنٹرول کی اصلاحات پر تازہ پیش رفت بارے آگاہی دیں گے۔

یہ دو روزہ نمائش بھارتی شہر بنگلور میں ہو رہی ہے۔

امریکہ کے وفد کی قیادت بھارت میں امریکی سفیر رچرڈ ورما کر رہے ہیں جب کہ وفد میں معاون وزیرخارجہ برائے سیاسی و عسکری امور کین ہینڈلمین، نائب وزیر اقتصادیات مارکوس جادوٹ اور وائس ایڈمرل جوزف ڈبلیو رکسی سمیت متعدد اعلیٰ عہدیدار شامل ہیں۔

بیان کے مطابق حالیہ برسوں میں امریکہ اور بھارت کے درمیان دفاعی تعاون میں قابل ذکر وسعت آئی ہے جس کی عکاسی دوطرفہ مذاکرات، فوجی مشقوں اور عسکری اہلکاروں کے تبادلوں کے علاوہ دفاعی تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش رفت سے ہوتی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ 2008ء سے دونوں ملکوں کی دفاعی تجارت دس ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور امریکی سفارتکار جہاں کہیں بھی وہ کام کر رہے ہوں، آئے روز امریکی کمپنیوں کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں جس سے امریکہ میں ملازمتوں کے مواقع اور ملکی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG