رسائی کے لنکس

سینڈی متاثرین: عارضی رہائشی سہولیات کی فراہمی


فائل
فائل

فیڈرل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی (فیما) کے انسپیکٹر طوفان کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد کی رہائشی ضروریات کا تخمینہ لگا رہے ہیں: ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کا بیان

امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر جینٹ نپولیٹانو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سینڈی سمندری طوفان کے متاثرین کو پناہ گاہوں سے عارضی اپارٹمنٹس اور ہوٹلوں میں منتقل کرنے کی خواہاں ہے۔

اتوار کے روز نپولیٹانو نے کہا کہ فیڈرل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی (فیما) کے انسپیکٹر طوفان کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد کی رہائشی ضروریات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔


اِس سے قبل، نیو یارک کے میئر مائیکل بلوم برم نے کہا کہ اندازاً 40000 طوفان متاثرین کو عارضی گھروں کی ضرورت پڑے گی۔

امریکہ کے مشرقی ساحل کے علاقے سے تعلق رکھنے والے یہ افراد جنھیں طوفان کے نتیجے میں بے گھر ہونا پڑا، اِس وقت سخت سرد موسم میں بجلی اور گیس کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ایک ہفتہ قبل آنے والےطوفان میں 100سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جب کہ 50ارب ڈالر کی مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا۔ امریکہ کے شمال مشرقی علاقے کے 20لاکھ سے زائد افراد کو ابھی تک بجلی کی رسد میسر نہیں۔

بلوم برگ نے متاثرہ لوگوں، خصوصاً عمر رسیدہ افراد سے، جنھیں بجلی کی سہولت دستیاب نہیں، کہا کہ وہ اپنے آپ کو گرم رکھنے اور گرم خوراک کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے کسی شیلٹر میں پناہ لیں۔

کچھ روز قبل، میئر نے شہر میں ہونے والی مشہور ’میراتھون‘ کو عجلت میں منسوخ کردیا تھا، جو اتوار کے دِن منعقد ہونے والی تھی، جس سے قبل اُن پر نکتہ چینی کی گئی تھی کہ دوڑ کے انعقاد کے سبب سیلاب زدہ علاقوں کے لیے ضروری وسائل کی دستیابی مزید کم ہو جائے گی۔
XS
SM
MD
LG