رسائی کے لنکس

درگاہ شاہ نورانی پر حملہ، امریکہ کی شدید الفاظ میں مذمت


اخباری بریفنگ میں الزبیتھ ٹروڈو نے کہا کہ ’’اِس طرح کے حملے محض ہمارے اِس مشترکہ عزم کو پختہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کو شکست دے کر رہیں گے اور مذہبی اقلیتوں کو ہدف بنانا بند کیا جائے‘‘

امریکہ نے بلوچستان میں واقع صوفی شاہ نورانی کے مزار پر ہفتے کے روز ہونے والے بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں 52 زائرین ہلاک، جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

محکمہٴ خارجہ کے پریس آفس کی سربراہ، الزبیتھ ٹروڈو نے یہ بیان پیر کے دِن ہونے والی اخباری بریفنگ میں پڑھ کر سنایا۔

ترجمان نے کہا کہ ’’ہم ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’اِس طرح کے حملے محض ہمارے اِس مشترکہ عزم کو پختہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کو شکست دے کر رہیں گے اور مذہبی اقلیتوں کو ہدف بنانا بند کیا جائے‘‘۔

الزبیتھ ٹروڈو کے الفاظ میں ’’اس مشکل لمحے میں ہم پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور مذہبی آزادی کی حمایت کے عزم پر قائم ہیں‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’ہم پاکستان اور خطے بھر میں اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے، تاکہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹا جاسکے‘‘۔

اطلاعات کے مطابق، ضلع خضدار میں درگاہ شاہ نورانی، جو حب شہر سے تقریباً 100 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، احاطے میں یہ بم دھماکہ اُس وقت ہوا جب وہاں ’دھمال‘ ڈالی جا رہی تھی اور سینکڑوں عقیدت مند موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں موقع پر ہی واقع ہوئیں۔

XS
SM
MD
LG