رسائی کے لنکس

امریکہ: ہم جنس شادیوں کے خلاف اپیلیں سپریم کورٹ میں مسترد


امریکی سپریم کورٹ کے سامنے ایک احتجاج کا منظر (فائل)
امریکی سپریم کورٹ کے سامنے ایک احتجاج کا منظر (فائل)

عدالت کے ججوں نے اپنے فیصلے میں اپیلیں مسترد کرنے کی وجہ بیان نہیں کی ہے۔

امریکہ کی سپریم کورٹ نے ملک کی پانچ ریاستوں میں ہم جنس شادیوں کی اجازت کے خلاف دائر اپیلیں مسترد کردی ہیں۔

پانچ امریکی ریاستوں – ورجینیا، اوکلاہوما، یوٹاہ، وِسکونسن اور انڈیانا - میں ہم جنس شادیوں پر عائد پابندی کو ذیلی عدالتوں نے ختم کردیا تھا جس کے خلاف ان ریاستوں کی مقامی حکومتوں، مختلف تنظیموں اور افراد نے سپریم کورٹ سے رجو ع کیا تھا۔

پیر کو اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے نو ججوں نے ذیلی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلیں مسترد کردیں جس کا مطلب ہے کہ ان ریاستوں میں ہم جس شادیوں پر پابندی ختم ہوگئی ہے۔

عدالت کے ججوں نے اپنے فیصلے میں اپیلیں مسترد کرنے کی وجہ بیان نہیں کی ہے جس کے باعث امکان ہے کہ امریکہ میں انتہائی متنازع ہوجانے والے اس مسئلے پر بحث و مباحثے کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور ریاستی عدالتوں میں اس معاملے پر مقدمات چلتے رہیں گے۔

عدالت کے اس فیصلے کے بعد مذکورہ بالا پانچوں اور چھ دیگر ریاستوں میں ہم جنس جوڑے باہم شادیاں رچا سکیں گے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اپیلوں کی سماعت سے انکار کے بعد امریکہ میں ہم جنس جوڑوں کو شادی کی اجازت دینے والی ریاستوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بھی ہم جنس شادیوں کو قانونی تحفظ حاصل ہے جب کہ امریکہ کی اب بھی 20 ریاستیں ایسی ہیں جہاں ہم جنس شادیاں قانونی طور پر ممنوع ہیں۔

جن ریاستوں میں ہم جسا شادیوں پر پابندی عائد ہے وہاں کہ حکام کا موقف ہے کہ ریاستوں کو شادی کی تعریف متعین کرنے کا حق حاصل ہے کیوں کہ امریکی آئین اس بارے میں خاموش ہے۔

ہم جنس شادیوں پر پابندی کی حامی ریاستوں کا کہنا ہے کہ ہم جنس افراد کے باہم شادی رچانے کو ان کا بنیادی حق تسلیم کرنے سے متعلق کوئی قانونی روایت موجود نہیں۔

امریکہ میں ہم جنس پرستوں کی تنظیموں اور ان کے مخالفین، دونوں کی خواہش تھی کہ سپریم کورٹ ان اپیلوں پر کوئی ایسا فیصلہ صادر کرے جو تمام 50 ریاستوں پر یکساں طور پہ لاگو ہوسکے اور شادی کے ادارے کی واضح تعریف متعین کردے۔

گو کہ سپریم کورٹ کے ججوں نے فی الحال اس متنازع مسئلے سے اپنا دامن بچالیا ہے لیکن قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیلی عدالتوں کے فیصلوں کےخلاف اپیلیں رد کرکے سپریم کورٹ نے ماتحت عدالتوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم جنس شادیوں پر عائد پابندیوں کے خلاف ان کے فیصلے امریکی آئین کے مطابق ہیں۔

XS
SM
MD
LG