امریکہ عراق کے شہریوں کی معمولات زندگی بحال کرنے کے لیے درکار کروڑوں ڈالر کی امداد کے حصول کے لیے آئندہ ماہ ایک کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
محکمہ خارجہ نے بدھ کو کہا کہ فلوجہ میں پیش آنے والے واقعات اس بات کی تازہ ترین یاد دہانی ہیں کہ جنگ کی وجہ سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عراقی فورسز کو فلوجہ شہر کا قبضہ داعش سے واپس لینے میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔
امریکہ یہ کانفرنس کینیڈا، جرمنی اور جاپان کے ساتھ مل کر 20 جولائی کو منعقد کرے گا۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ وہ اس کانفرنس میں ایک قابل ذکر (امداد) کا وعدہ" کرنے کا ارداہ رکھتا ہے اور اس نے دوسرے ملکوں سے بھی ایسا ہی کرنے پر زور دیا ہے۔
امریکہ کے محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کو انسانی ہمدردی کے تحت عراق میں انسانی زندگیو ں کو بچانے کے لیےجاری اپنے درجنوں پروگراموں کو بند کرنا پڑا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے لیے 86 کروڑ 10 لاکھ ڈالر درکار فنڈز کا صرف 33 فیصد حاصل ہو سکا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ مہینوں میں اس منصبوبے کے اخراجات دو ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔
فنڈز کی کمی کے باوجود اقوام متحدہ نے کئی عراقی شہروں میں بجلی، پانی، اسکولوں، صحت کی سہولتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے میں مدد دی ہے۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں داعش کی وجہ سے بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو کر رہ گیا تھا۔
اقوام متحدہ کے پروگرام کے تحت سات لاکھ 25 ہزار سے زائد لوگوں کو اپنے گھروں میں واپسی کے عمل میں مدد دی گئی ہے۔