رسائی کے لنکس

ٹرمپ نے مزید دو عہدوں کے لیے شخصیات نامزد کر دیں


کیتھلین ٹوریا مک فارلینڈ "کے ٹی" کو نائب مشیر برائے قومی سلامتی اور ڈونلڈ ایف مک گہن کو صدر اور وائٹ ہاؤس کے قانونی امور کا معاون نامزد کیا گیا ہے۔

ایسے میں جب امریکہ میں انتقال اقتدار کے لیے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نئے وزیر خارجہ کی نامزدگی کے لیے سرگرداں ہے، ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ دو دیگر عہدوں کے لیے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

کیتھلین ٹوریا مک فارلینڈ "کے ٹی" کو نائب مشیر برائے قومی سلامتی اور ڈونلڈ ایف مک گہن کو صدر اور وائٹ ہاؤس کے قانونی امور کا معاون نامزد کیا گیا ہے۔

ان دونوں عہدوں کے لیے سینیٹ سے توثیق ضروری نہیں ہے۔

ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ مک فارلینڈ "زبردست تجربہ اور قابلیت رکھتی ہیں" جب کہ مک گہن "ایک زبردست قانونی سوچ اور کردار کے مالک ہیں جو آئینی قوانین کی گہری سوجھ بوجھ رکھتے ہیں۔"

ٹرمپ کو اس سے قبل انتظامیہ کے لیے ناتجربہ کار ارکان چننے پر تنقید کا بھی سامنا رہا ہے لیکن 65 سالہ مک فارلینڈ اس سے قبل تین مختلف صدور کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔ تاہم صدر ریگن کے بعد سے وہ امور مملکت میں شامل نہیں رہیں۔

مک فارلینڈ فاکس نیوز کے لیے قومی سلامتی کی تجزیہ کار کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں۔ وہ 2006ء میں امریکی سینیٹ میں نیویارک سے نسشت کے لیے ریپبلکن کی طرف سے نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔

مک گہن وفاقی الیکشن کمیشن کے سابق سربراہ ہیں اور وہ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران ان کے وکیل بھی رہ چکے ہیں۔

ادھر ٹرمپ کی ٹیم نئے وزیر خارجہ کے لیے شخصیت کے انتخاب کے لیے کوشاں ہیں۔

ٹیم کے بعض ارکان 2012ء میں ریپبلکن صدارتی امیدوار مٹ رومنی اور بعض نیویارک کے سابق میئر روڈولف جولیانی کی حمایت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG