رسائی کے لنکس

بھارت میں شہریت قانون کا نفاذ؛ امریکہ، اقوامِ متحدہ اور ایمنسٹی کا اظہارِ تشویش


فائل فوٹو
فائل فوٹو
  • امریکی وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ 11 مارچ کو سی اے اے کے اطلاق کے سرکاری اعلامیے پر تشویش میں مبتلا ہیں۔
  • ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ سی اے اے کا نفاذ مساوات اور مذہبی عدم امتیاز کی آئینی اقدار کے لیے ایک دھچکا ہے۔
  • کیرالہ، مغربی بنگال اور تمل ناڈو کے وزرائے اعلیٰ نے اپنی ریاستوں میں اسے نافذ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارت کی حکومت کی جانب سے شہریت کے ترمیمی قانون ’سی اے اے‘ کے نفاذ کے اعلان کے بعد جہاں ملک کے بعض علاقوں میں احتجاج ہو رہا ہے وہیں امریکہ، اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل اور افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان نے بھی اظہار تشویش کیا ہے اور اسے امتیازی قانون قرار دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ امریکہ 11 مارچ کو کئے جانے والے سی اے اے کے سرکاری اعلامیے پر تشویش میں مبتلا ہے۔ ہم اس پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں کہ اس کا نفاذ کیسے ہوتا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ترجمان نے ایک ای میل پیغام میں کہا کہ مذہبی آزادی کا احترام اور قانون کے تحت تمام برادریوں کے ساتھ مساوی سلوک جمہوری اصولوں کی بنیاد ہے۔

بھارت نے امریکہ کے اس بیان کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

جمعے کو وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سی اے اے شہریت دینے والا قانون ہے لینے والا نہیں۔ یہ قانون انسانی حقوق فراہم کرتا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے ایک ترجمان نے کہا "جیسا کہ ہم نے 2019 میں کہا تھا کہ سی اے اے بنیادی طور پر امتیازی قانون ہے اور بھارت پر جو بین الاقوامی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ان کی خلاف ورزی ہے۔"

ترجمان کے مطابق اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ اس کے نفاذ کے ضابطے عالمی قوانین کے مطابق ہیں یا نہیں۔

 متنازع شہریت قانون کا نفاذ: بھارتی شہری کیا کہتے ہیں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:46 0:00

شہریت کے اس ترمیمی ایکٹ (سی اے اے ) کے تحت ان ہندو، پارسیوں، سکھوں، مسیحیوں اور بدھ اور جین مت ماننے والوں اور دوسروں کو بھارت کی شہریت دی جا سکتی ہے جو 31 دسمبر 2014 سے قبل مسلم اکثریتی ملکوں، افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان سے فرار ہو کر ہندو اکثریتی ملک بھارت میں آئے ہوں۔

افغان طالبان کی تنقید

دوسری طرف افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان نے پہلی بار اس معاملے پر کوئی ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔ دوحہ میں طالبان کے ترجمان اور اس کے سیاسی دفتر کے سربراہ سہیل شاہین نے بھارت کی ایک نیوز ویب سائٹ ’دی وائر‘ سے گفتگو میں کہا کہ کوئی بھی قانون بلا امتیاز مذہب سب کے لیے ہونا چاہیے۔

انہوں نے وائر کے لیے ایک بیان میں کہا کہ یہ قانون سب پر نافذ ہونا چاہیے خواہ وہ مسلمان، ہندو سکھ کوئی بھی ہو۔

اسی کے ساتھ انہوں نے افغانستان میں اقلیتوں پر مظالم کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے مذہبی رسوم کی ادائیگی کی آزادی ہے اور وہاں کے قانون کے مطابق ان کو بھی مساوی حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طرح افغانستان میں ہندوؤں اور سکھوں پر کسی قسم کا کوئی جبر نہیں ہے بھارت کی مسلم اقلیت پر بھی کوئی جبرنہیں ہوگا۔

سی اے اے ایک متعصبانہ قانون ہے: ایمنسٹی انٹرنیشنل

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘ نے بھی کہا ہے کہ سی اے اے کا نفاذ مساوات اور مذہبی عدم امتیاز کی آئینی اقدار کے لیے ایک دھچکا ہے اور انسانی حقوق کے تعلق سے بھارت کی عالمی ذمہ داریوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سربراہ آکار پٹیل کا کہنا ہے کہ سی اے اے ایک متعصبانہ قانون ہے جو مذہب کی بنیاد پر امتیاز کا جواز فراہم کرتا ہے اور اسے کبھی بھی نافذ نہیں کیا جانا چاہیے۔

ان کے مطابق اس کا نفاذ بھارتی حکومت کی جانب سے ملک بھر کے عوام، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ کے احتجاج اور مخالفت کو نظر انداز کرنا ظاہر کرتا ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے دسمبر 2019 میں حزبِ اختلاف کی شدید مخالفت کے باوجود پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے اس قانون کو منظور کرایا تھا۔

اس کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے مذہب کی بنیاد پر مبینہ ظلم و ستم کے شکار بھارت آنے والے ہندوؤں، سکھوں، پارسیوں، عیسائیوں اور بودھوں کو درخواست دینے پر بھارت کی شہریت دی جائے گی۔

جب 2019 میں یہ قانون منظور ہوا تھا تو اس کے خلاف جنوبی دہلی کے مسلم اکثریتی علاقے شاہین باغ کی خواتین نے ایک اہم سڑک پر تقریباً 100 دنوں تک دھرنا بھی دیا تھا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ نے بھی اس کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

جامعہ اسلامیہ میں احتجاج کی کوشش

اب جب کہ اس کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے تو ایک بار پھر جامعہ اسلامیہ کے طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کرنے کی کوشش کی۔ لیکن جامعہ کے وائس چانسلر کی جانب سے اس کی اجازت نہیں دی گئی۔

کانگریس کی طلبہ تنظیم ’نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا‘ (این ایس یو آئی) اور ’مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن‘ (ایم ایس ایف) سے وابستہ طلبہ نے یونیورسٹی کیمپس میں سی اے اے کے خلاف نعرے لگائے۔

وائس چانسلر پروفیسر اقبال حسین نے خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے احتجاج کو روکنے کے لیے سیکیورٹی کا سخت انتظام کیا گیا ہے۔

جب کہ این ایس یو آئی کی جامعہ شاخ نے ایک بیان میں کہا کہ سی اے اے کے نفاذ کے خلاف جامعہ میں احتجاج کیا گیا۔

دہلی یونیورسٹی کے طلبہ کا مظاہرہ

دہلی یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی اس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر متعدد طلبہ کو حراست میں لے لیا گیا۔

دہلی پولیس نے حساس مقامات پر بالخصوص شاہین باغ اور شمال مشرقی دہلی میں، جہاں فساد برپا ہوا تھا، اضافی پولیس فورس تعینات کی ہے۔

کیرالہ، مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں اسے نافذ نہ کرنےکا اعلان

ادھر کیرالہ، مغربی بنگال اور تمل ناڈو کے وزرائے اعلیٰ نے اپنی ریاستوں میں اسے نافذ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کیرالہ کے وزیرِ اعلیٰ پنرائی وجئین نے ایک بیان میں کہا کہ انتخابات سے قبل سی اے اے کے نفاذ کا اعلان ملک میں گڑبڑ کرانے کے لیے ہے۔ اس سے عوام میں پھوٹ پڑے گی۔ فرقہ وارانہ جذبات بھڑکیں گے اور آئین کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچے گا۔

مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی اور تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے علاوہ دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال نے بھی اس کی مخالفت کی ہے۔

ممتا بنرجی اور ایم کے اسٹالن نے اپنی ریاستوں میں اس کے عدم نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

اقلیتوں یا کسی کو بھی ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے: وزیرِ داخلہ

دریں اثنا وزیرِ داخلہ امت شاہ نے خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں یا کسی کو بھی ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہ قانون مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے۔

ان کے بقول میں نے مختلف مواقع پر واضح کیا ہے کہ یہ قانون کسی کی شہریت لینے والا نہیں بلکہ تین پڑوسی ملکوں کی اقلیتوں کو شہریت دینے والا ہے۔ مسلمان آئین کے ضوابط کے مطابق شہریت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اس قانون کو واپس نہیں لے گی۔

انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے کی جانے والی مخالفت کی وجہ سے ان پر تنقید کی اور کہا کہ مغربی بنگال، کیرالہ اور تمل ناڈو کی حکومتیں اس کے نفاذ کو روک نہیں سکیں گی۔

انہوں نے اس متنازع قانون پر سوال اٹھانے پر غیر ملکی میڈیا پر بھی تنقید کی۔

جب ان سے کہا گیا کہ غیر ملکی میڈیا نے سی اے اے، طلاق ثلاثہ کے قانون اور دفعہ 370 کے خاتمے پر تنقید کی ہے تو انہوں نے کہا کہ ان سے پوچھیے کہ کیا ان کے یہاں تین طلاق، مسلم پرسنل لا اور دفعہ 370 جیسے انتظامات ہیں۔

دوسری طرف مسلم تنظیموں کی جانب سے سی اے اے کے نفاذ کی مذمت کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس میں ایسی شقیں متعارف کرائی گئی ہیں جو آئین میں درج مساوات اور سیکولر الزم کے اصولوں کے منافی ہیں۔ آئین کی دفعہ 14 تمام شہریوں میں مساوات کی ضمانت دیتی اور مذہب کی بنیاد پر شہریوں میں امتیازی سلوک کی ممانعت کرتی ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG